0
Sunday 20 Sep 2015 17:47

اہلسنت جماعتوں کا دہشتگردی و کرپشن مکاؤ ملک بچاؤ مہم چلانے کا اعلان

اہلسنت جماعتوں کا دہشتگردی و کرپشن مکاؤ ملک بچاؤ مہم چلانے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام فیصل آباد میں منعقد ہونیوالے اہلسنّت جماعتوں کے مشترکہ اجلاس میں اعلان کیا گیا ہے کہ اہلسنّت جماعتیں ’’دہشتگردی و کرپشن مٹاؤ ملک بچاؤ مہم‘‘ چلائیں گی، دہشتگردی و کرپشن کیخلاف پاک فوج کے دلیرانہ کارروائیوں کی تائید و حمایت کرتے ہیں، عید قربان کے اجتماعات میں سانحہ بڈھ بیڑ کیخلاف اور پاک فوج کے حق میں قراردادیں منظور کی جائیں گی۔ فیصلہ کیا گیا کہ عید کے اجتماعات میں قتل ناحق اور خودکش حملوں کیخلاف خطبات دیئے جائیں گے، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے سول ادارے اپنا کردار ادا کریں، نواز شریف نے کرپشن کیخلاف احتسابی عمل روکا تو قوم ان کا دھڑن تختہ کر دے گی، بلدیاتی و ضمنی انتخابات فوج کی نگرانی میں کروائے جائیں، پنجاب میں بھی کرپشن اور دہشتگردی کیخلاف آپریشن شروع کیا جائے، آرمی چیف کی مقبولیت سے جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں، الیکشن کمیشن کے ممبران سے استعفیٰ لیکر کمیشن کی تشکیل نو کی جائے، پاک افغان بارڈر کو سیل کیا جائے، بھارتی جارحیت کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کیلئے سفارت خانوں اور دفتر خارجہ کو متحرک کیا جائے، بیرونی ملکوں سے لوٹ مار کا پیسہ واپس لایا جائے، افغانستان میں موجود دہشتگردوں کے معاملے پر افغان حکومت سے دوٹوک بات کی جائے۔

اہلسنّت جماعتوں کا مشترکہ اجلاس جامعہ رضویہ میں سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں جماعت اہلسنّت، مرکزی جمعیت علماء پاکستان، تحفظ ناموس رسالت محاذ، انجمن طلباء اسلام، نیشنل مشائخ کونسل، سنی تحریک، نظام مصطفی پارٹی، تنظیم المساجد پاکستان، پاکستان فلاح پارٹی، تنظیم اتحاد امت، مصطفائی تحریک، سنی علماء بورڈ، شیران اسلام، تحریک فروغ اسلام، مرکزی مجلس چشتیہ، انجمن خدام اولیاء، سنی فاؤنڈیشن، جانثاران ختم نبوت، انجمن طلباء مدارس عربیہ، سپاہ مصطفی، سنی تنظیم القرآء، محاذ اسلامی، تحریک عوام اہلسنّت، تنظیم السعید، مصطفائی جسٹس کونسل، جانثار سنی یوتھ ونگ کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل نہیں ہوا، مغربی سرحد پر پاکستانی فوج کی توجہ ہٹانے کیلئے بھارت نے مشرقی سرحد پر محاذ گرم کر رکھا ہے، بھارت پاکستانی طالبان کو اپنے مقصد کیلئے استعمال کر رہا ہے، بھارت دہشتگرد حملوں کے ذریعے پاک افغان تعلقات خراب کرنا چاہتا ہے، کرپٹ عناصر کو عبرت کا نشان بنایا جائے اور بڑے مگر مچھوں پر بھی ہاتھ ڈالا جائے، دہشتگرد نمازیوں کو شہید کر کے اسلام دشمنی کا ثبوت دے رہے ہیں۔

نظام مصطفی پارٹی کے مرکزی رہنما صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اٹھارہ کروڑ عوام کو اپنی بہادر فوج پر فخر ہے، پاک افغان قیادت غلط فہمیاں دور کرے، افغانستان بھی پاکستان میں دہشتگردی کرنیوالے دہشتگرد ٹھکانوں کو اپنی سرزمین سے ختم کرے، طالبان کا کوئی بھی گروہ پاکستان یا افغانستان کیلئے اثاثہ نہیں ہو سکتا، بڈھ بیڑ پر حملہ انہی حملوں کی توسیع ہے جو بھارت نے سرحدوں پر شروع کر رکھے ہیں، پاک افغان سرحد کو کنٹرول کئے بغیر دہشتگردی کا خاتمہ ممکن نہیں۔ جماعت اہلسنّت پنجاب کے صدر مفتی محمد اقبال چشتی نے کہا کہ حکومت اپنی نااہلی سے پاک فوج کی قربانیاں ضائع نہ کرے، بے لاگ احتساب وقت کی ضرورت ہے، مسجدوں، نمازیوں، مزاروں اور سیکیورٹی فورسز پر حملے کرنیوالے فساد فی الارض کے مجرم ہیں۔

مشترکہ اجلاس سے صاحبزادہ حسن رضا، محمد ریحان طاہر قادری، قاضی عتیق الرحمن، محمد صدیق قادری، محمد ضیاءالحق نقشبندی، میاں فاروق مصطفائی، مفتی مشتاق احمد نوری، پیر طارق ولی چشتی، مولانا قاری مختار احمد صدیقی، حافظ زاہد رازی، پیر میاں غلام مصطفی، پیر سید محمد شاہ ہمدانی، مفتی محمد حسیب قادری، پیر عمار سعید سلیمانی، سید جوادالحسن کاظمی، حاجی رانا شرافت علی قادری، مولانا غلام سرور حیدری، مولانا اکبر نقشبندی، ارشد مصطفائی، ملک بخش الہی، میاں فہیم اختر، صاحبزادہ مطلوب رضا اور مفتی محمد رمضان جامی نے بھی خطاب کیا۔ مشترکہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سانحہ بڈھ بیڑ کی وجہ سے عید قربان سادگی سے منائی جائے گی اور عید کے روز فوجی شہداء کے مزارات پر پھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں گی اور عید کے روز فوجی شہداء کے لواحقین سے ملاقاتیں کی جائیں گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دہشتگردی و کرپشن مکاؤ ملک بچاؤ مہم کے دوران کرپشن کرنے والوں کے گھروں کے سامنے مظاہرے کئے جائیں گے اور کرپشن کے خلاف عوامی شعور کی بیداری کیلئے کانفرنسیں، سیمینارز اور مذاکرے منعقد کئے جائیں گے اور دستخطی مہم بھی شروع کی جائے گی، کرپشن کیخلاف تقریری و تحریری مقابلے بھی منعقد کئے جائیں گے۔

مشترکہ اجلاس میں یہ مطالبہ کیا گیا کہ نندی پور پراجیکٹ میں گھپلوں کا کڑا احتساب کیا جائے، بلدیاتی انتخابات میں حکمران جماعت کی طرف سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا جائے اور پولیس کے ذریعے امیدواروں پر دباؤ ڈال کے مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو بلا مقابلہ منتخب کروانے کا عمل روکا جائے، دہشتگردی میں شہید ہونیوالوں کے لواحقین کیلئے قومی فنڈ قائم کیا جائے اور ہر شہر میں فوجی شہداء کی یادگاریں قائم کی جائیں، نواز شریف اور اسحاق ڈار پر منی لانڈرنگ کا مقدمہ چلایا جائے اور اصغر خان کیس میں ملوث مجرموں کیخلاف کارروائی کی جائے۔ اجلا میں مطالبہ کیا گیا دہشتگردی میں ملوث دینی مدارس کو سربمہر کیا جائے، وزیراعظم بھارتی جارحیت کیخلاف ٹھوس ثبوت لیکر جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پہنچیں، عالم اسلام میں فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے او آئی سی اپنا کردار ادا کرے۔ اجلاس میں منظور کی گئی قراردوں میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ جنرل راحیل شریف کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دی جائے اور ان کے منصب کی مدت میں توسیع کی جائے، لاہور میں تحریک انصاف کے بلدیاتی امیدوار کے قاتل گرفتار کئے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 486551
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش