0
Wednesday 30 Sep 2015 19:04

کوئٹہ، گورنر ہاؤس میں جنرل ناصر خان جنجوعہ کے اعزاز میں پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد

کوئٹہ، گورنر ہاؤس میں جنرل ناصر خان جنجوعہ کے اعزاز میں پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ کمانڈر سدرن کمانڈ ناصر خان جنجوعہ کے اعزاز میں منگل کے روز گورنر ہاؤس میں ایک پروقار الوداعی عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، صوبائی وزراء، اراکین صوبائی اسمبلی، چیف سیکرٹری بلوچستان، سیاسی و قبائلی عمائدین اور سول ملٹری افسران نے شرکت کی۔ گورنر بلوچستان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمانڈر سدرن کمانڈ کی صوبہ کیلئے کی گئیں تمام کاوشوں کو سراہا اور صوبے کے امن و ترقی کیلئے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے گورنر بلوچستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ بلوچستان کے عوام کی محبت اور خلوص اور بالخصوص امن عامہ کے قیام اور ترقی کیلئے ان کے تعاون کے مشکور ہیں۔ گورنر و وزیراعلٰی بلوچستان اور سیاسی قیادت کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے صوبہ میں امن کے قیام او رپر امن بلوچستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے میں ان کی تمام پر خلوص کاوشوں کو سراہا۔ کمانڈر سدرن کمانڈ نے کہا کہ وہ صوبے کے تمام نوجوانوں کے مشکور ہیں جنہوں نے علم کی راہ چنی جس میں واقعتا بقاء ہے۔ بندوقیں چھوڑ دیں اور پر امن بلوچستان کیلئے امن کا راستہ اپنائیں۔ گورنر بلوچستان ہمیشہ ان کیلئے ایک بڑے بھائی کی طرح رہے۔ جن کی شفقت اور رہنمائی نے ہمیشہ حوصلہ بڑھایا اور صوبے کی تمام سیاسی قیادت کا تعاون بھی ان کیلئے حوصلہ افزاء رہا۔ پرامن بلوچستان کا ان کا خواب پورا کرنا موجودہ ٹیم کے بغیر ناممکن تھا۔ جن کی انتھک محنت اور شبانہ روز جدوجہد سے آج بلوچستان میں خداداد پاکستان کا سبز حلالی پرچم لہرا رہا ہے اور یہ اسی ٹیم کی محنت کا پھل ہے۔ جس کی وجہ سے آج سول، ملٹری تعلقات بہتر سے بہترین ہیں۔ آخر میں انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ صوبہ یونہی امن کا گہوارہ بنا رہے گا اور مستقبل کے معماروں کیلئے یہ صوبہ جنت نظیر ہوگا۔ بلوچستان کی حقیقی تہذیب و تمدن یعنی بھائی چارہ و امن دوبارہ بحال ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 488297
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش