0
Friday 9 Oct 2015 20:44

آج کے جلسہ نے ثابت کر دیا این اے 122 کا معرکہ تحریک انصاف جیت چکی ہے، عمران خان

آج کے جلسہ نے ثابت کر دیا این اے 122 کا معرکہ تحریک انصاف جیت چکی ہے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے لاہور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف نے 1994-96ء تک صرف چارسو ستر روپے ٹیکس دیا اور جلاوطنی کے بعد ملک واپس آ کر صرف پانچ ہزار روپے ٹیکس کی مد میں ادا کئے۔ لیکن اب سنا ہے کہ تحریک انصاف کے احتجاج کی وجہ سے زیادہ ٹیکس دے رہے ہیں۔ میں نہیں کہتا وکی پیڈیا کہہ رہا ہے کہ نواز شریف اور ان کے خاندان نے اقتدار میں آنے کے بعد 140ارب روپے کمائے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے دو مرتبہ وزیر اعظم بن کر 42ارب، موٹر وے کے ذریعے 160ملین ڈالر، بینکوں سے قرضہ معاف کرا کے 140ملین ڈالر، بھارت کو چینی فروخت کر کے 60ملین ڈالر اور 1990-92ء کے دوران بینکوں سے قرضوں کی مد میں 6ارب روپے کمائے ہیں ۔ عمران خان نے کہا کہ نوازشریف جب 1988-89ء میں وزیر اعلیٰ رہے تو اس وقت بھی آڈیٹر جنرل نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ نواز شریف کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے قومی خزانے کو 35ارب کا نقصان ہوا ۔ لاہور میں شریف برادران نے چھانگا مانگا کی سیاست کے لئے 3ہزار ایل ڈی اے کے پلاٹس اپنے دوستوں میں بانٹے۔

انہوں نے کہا کہ شریف برادران کی کرپشن ختم ہی نہیں ہوتی جب شریف برادران رائے ونڈ میں 1800ایکڑ پر محل بنایا تو اس کے لئے سڑکیں سمیت دیگر کی سہولیات فراہمی بھی سرکاری خزانے چھ ارب روپے استعمال کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں میٹرو منصوبہ 11ملین ڈالر اور اسلام آباد میں 20 ملین ڈالر فی کلو میٹر کی لاگت سے مکمل ہوا ہے جو بہت بڑی کرپشن ہے جس کا آڈٹ ہونا چاہیے۔ عمران خان نے کہا کہ شریف برادران نے دانش سکولوں کے لئے پانچ ارب سے زائد رقم خرچ کی لیکن اگر یہ رقم سرکاری سکولوں کی حالت زارکی بہتری کیلئے استعمال کی جاتی تو اس سے 21ہزار سکولوں کی حالت بہتر بنائی جا سکتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ این اے 122کے لوگوں نے آج میرا دل خوش کر دیا ہے، جنون کا مقابلہ ایک ایسے شخص کےساتھ ہے جس کا سورج غروب ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف میری بات غور سے سنیں،میرا مقابلہ کرنا ہے تو میدان میں آئیں، میرا سارا پیسہ پاکستان میں ہے، جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے، مشکل وقت آیا تو معاہدہ کر کے جدہ نہیں فرار ہوجاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ دوسروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دینے والوں کے اپنے بچے بیرون ملک میں کاروبار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان میں تمام مذاہب کے لوگوں کو ان کے حقوق ملیں گے، ایسا پاکستان بنائیں گے کہ بیرون ملک سے لوگ یہاں نوکریاں ڈھونڈنے آئیں گے، آج کے جلسہ نے ثابت کر دیا این اے 122 کا معرکہ تحریک انصاف جیت چکی ہے، نون لیگ کو اب معلوم ہو جانا چاہیے کہ لاہور نے انہیں مسترد کر دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 489840
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش