0
Thursday 22 Oct 2015 11:56

امریکا نے پاکستان کو ایف 16 طیارے دینے کی تیاری کر لی، امریکی اخبار

امریکا نے پاکستان کو ایف 16 طیارے دینے کی تیاری کر لی، امریکی اخبار
اسلام ٹائمز۔ امریکی اخبارنے سینئر امریکی حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ اوباما انتظامیہ نے پاکستان کو 8 نئے ایف 16 طیارے دینے کی تیاری کرلی ہے۔امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے ایک سینیئر حکام کے حوالے سے لکھا ہے کہ اوباما انتظامیہ نے پاکستان کو 8 نئے ایف 16 طیارے دینے کی تیاری کر لی ہے اور اس حوالے سے صدر باراک اوباما اور وزیراعظم پاکستان نواز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں معاہدہ طے پانے کا امکان ہے۔ پاکستان کو نئے ایف 16 طیارے فراہم کرنے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔

امریکی اخبار کے مطابق پاکستان کے پاس اس وقت 70 سے زائد ایف 16 طیارے موجود ہیں اور مزید 8 طیاروں نے پاکستان کی دفاعی طاقت میں مزید اضافہ ہو جائے گا تاہم امریکی ایوان نمائندگان میں موجود بھارت نواز لابی کی جانب سے معاہدے کی مخالفت کیے جانے کا بھی امکان ہے۔

دوسری جانب امریکا میں موجود وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے امریکی ایوان نمائندگان کی خارجہ امورکمیٹی سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت کمیٹی کے چیرمین ایڈرائس نے کی جب کہ وزیراعظم نوازشریف کی سربراہی میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیردفاع خواجہ آصف ملاقات میں شریک ہوئے۔ ملاقات میں دو طرفہ امور اور دفاعی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم نواز شریف نے امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے ملاقات بھی کی تھی جس میں انھیں پاکستان میں بھارتی مداخلت کے ثبوت فراہم کیے تھے۔
خبر کا کوڈ : 492881
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش