0
Friday 23 Oct 2015 18:31

اغیار کی غلامی سے نجات کیلئے اسوہ شبیریؑ اپنانا ہوگا، راغب نعیمی

اغیار کی غلامی سے نجات کیلئے اسوہ شبیریؑ اپنانا ہوگا، راغب نعیمی
اسلام ٹائمز۔ جامعہ نعیمیہ لاہور کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ اہل بیت اطہارؑ کی عقیدت و محبت کے بغیر دعویٰ ایمان نامکمل ہے، سیدالشہداء امام حسینؑ کی شہادت سے باطل طاقتوں کو شکست اور حق والوں کو فتح نصیب ہوئی۔ آپؑ کی زندگی مبارک عجز و انکساری، زہد و تقویٰ، جود و سخاء، صبر و تحمل اور جرأت و بہادری سے عبارت تھی۔ انہوں نے کہا کہ اُمت مسلمہ کو اغیار کی غلامی سے نجات پانے اور اپنے مسائل کے حل کیلئے اسوۂ شبیریؑ کو اپنانا ہو گا، معاشرے کو برائیوں سے پاک ایک پرامن اور مثالی بنانے کیلئے تعلیمات امام حسینؑ سے رہنمائی لینا ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خطبہ جمعۃ المبارک کے دوران اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یوم عاشور مسلمانان عالم کو ظلم و جبر کیخلاف کھڑے ہونے اور حق پر ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میدان کربلا میں سیدالشہداء حضرت امام حسینؑ جرأت و بہادری اور استقامت کی ایسی عظیم مثال قائم کی جسے تاریخ انسانی میں ہمیشہ سنہری حروف میں لکھا جاتا رہے گا، حضرت امام حسینؑ عزیمت کا راستہ اختیار کر کے اسلام کے ماننے والے کو یہ پیغام دیا کہ حق کے راستہ پر چند سال چل کر گزاری گئی زندگی اس ہزار سالہ زندگی سے بہتر سے جو باطل کے راستہ پر چل کر گزاری جائے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمات امام حسینؑ سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ اسلام کی سربلندی کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہ کیا جائے، امام عالی مقام سیدنا امام حسینؑ نے ہمیں یہ درس دیا ہے کہ استقامت اور جرأت کے ساتھ اگر چند لوگ دین حق کیلئے کھڑے ہو جائیں تو دنیا کی کوئی طاقت ان کے ان کے مقصد سے نہیں ہٹا سکتی۔
خبر کا کوڈ : 493165
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش