0
Thursday 5 Nov 2015 22:30

گورنر گلگت بلتستان کے احکامات پر گلگت میں زلزلہ متاثرین میں امدادی پیکیج تقسیم

گورنر گلگت بلتستان کے احکامات پر گلگت میں زلزلہ متاثرین میں امدادی پیکیج تقسیم
اسلام ٹائمز۔ گورنر گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر کی ہدایات پر حالیہ زلزلے میں جاں بحق ہونے والے 14 افراد کے لواحقین کو وزیراعظم پیکیچ کے تحت 6 لاکھ فی کس امدادی چیکس دئیے جا چکے ہیں اور 16 زخمیوں میں اب تک 10 لاکھ کے امدادی چیکس دیئے گئے ہیں باقی زخمیوں کو جلد امدادی چیکس دیئے جائیں گے۔ دیگر امدادی سرگرمیوں میں حالیہ زلزلے کے متاثریں کو 720 کمبل،770 ٹینٹ، 900 فوڈ پیکٹس،500 سوئیٹر، 200 پیکٹ کھجور، 100 جلانے والے لیمپ، 50 جیکٹس اور 200 چپل، 20 لاکھ نقد امدادی رقوم تقسیم کئے گئے ہیں۔ اب تک کی رپورٹ کے مطابق 428 گھر مکمل تباہ ہوئے ہیں جبکہ 2787 گھروں کو زلزلے سے جزوی نقصان پہنچا ہے اور جلد زلزلے سے ہونے والے نقصانات کا مکمل تخمینہ لگا کر امددی چیکس دیئے جائیں گے۔ گورنر گلگت بلتستان نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف گلگت بلتستان کے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور وزیراعظم کے واضح احکامات ہیں کہ زلزلے سے متاثرہ افراد کی ہر ممکن مدد کی جائے اور تمام وسائل بروئے کار لایا جائے اور ان کی مکمل بحالی تک کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ متاثرین کی مکمل بحالی وفاقی اور صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس سلسلے میں گورنر گلگت بلتستان نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل سرکاری اور غیر سرکاری امدادی تنظیموں کی خدمات کی بھی تعریف کی ہے۔ گورنر گلگت بلتستان نے مزید کہا کہ موسم سرما میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی لانے کے لئے صوبائی حکومت بھرپور کام کر رہی ہے اور علاقے کے لوگوں کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت دن رات کوششوں میں لگی ہے تاکہ گلگت بلتستان میں لوڈشیڈنگ سمیت دیگر مسائل پر قابو پا سکیں۔
خبر کا کوڈ : 495903
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش