0
Friday 6 Nov 2015 11:23

بلاول کی خواہش پر ہونیوالے سندھ فیسٹیول میں اربوں کے گھپلوں کا انکشاف، تحقیقات شروع

بلاول کی خواہش پر ہونیوالے سندھ فیسٹیول میں اربوں کے گھپلوں کا انکشاف، تحقیقات شروع
اسلام ٹائمز: قومی احتساب بیورو نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خواہش پر ہونے والے سندھ فیسٹیول کے اخراجات سے متعلق تحقیقات شروع کر دی ہے۔ اطلاعات کے مطابق نیب سندھ کی جانب سے محکمہ اطلاعات میں اربوں روپے کی بے قاعدگیوں سے متعلق تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ سندھ فیسٹیول کے دوران سندھ حکومت نے چالیس کروڑ روپے ایک ایڈورٹائزنگ کمپنی کو جاری کئے، فیسٹیول کی افتتاحی تقریب کیلئے ایک نجی کمپنی کو 18 کروڑ روپے فراہم کئے گئے، فیسٹیول کے دوران کمپنی کو مختلف انتظامات کی مد میں 40 کروڑ روپے ادا کئے گئے۔ اس صورتحال پر نیب نے بعض سرکاری اور نجی افراد کو نوٹس جاری کرکے طلب کر لیا ہے۔ نیب کو اس فیسٹیول میں مالی بے ضابطگیوں، اختیار سے تجاوز اور تاریخی ورثے کو نقصان پہنچانے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ حکومتی فنڈز جاری کرنے کیلئے حد سے تجاوز کیا گیا، اور من پسند سیکریٹری لگایا گیا۔ ان شکایات کی صداقت جاننے کیلئے تحقیقات ہو رہی ہے۔

سندھ فیسٹیول کا بجٹ سندھ حکومت کی جانب سے 25 کروڑ روپے رکھا گیا تھا۔ بجٹ کے علاوہ عطیات کی بھی درخواست کی گئی تھی۔ بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کیا تھا کہ اس فیسٹیول کا خرچہ پارٹی فنڈ سے دیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایسا نہیں ہوا اور سارا خرچہ جو تقریباً دو ارب روپے بنتا ہے، سندھ حکومت کے سرکاری ترقیاتی فنڈ سے بھی لیا گیا، جبکہ افتتاحی تقریب پر 18 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔ نیب کے نمائندے کے مطابق یہ بات بھی نوٹ کی گئی کہ فیسٹیول کے انعقاد سے قبل چند سرکاری افسروں نے حکومت کے نامناسب احکامات کی حکم عدولی کی، تو انھیں عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ فیسٹیول کی سمری پر دستخط نہ کرنے پر دو دن میں دو سیکریٹری تبدیل ہوئے۔ نیب کی جانب سے سندھ فیسٹیول کا ریکارڈ تحویل میں لے لیا گیا۔ پیپلز پارٹی کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے نیب کی جانب سے اس کارروائی پر ردعمل دینے سے انکار کیا ہے۔ واضح رہے کہ اس فیسٹیول کو پاکستان کا ایک بہتر امیج دنیا کے سامنے پیش کرنے کی کوشش قرار دیا گیا تھا، اس بات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ تحقیقات میں کرپشن کی کئی داستانیں سامنے آ سکتی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 495944
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش