0
Wednesday 30 Dec 2015 12:58

انصاف کے متلاشی معاشرے تک پیغام محمد (ص) پہنچانا فرض ہے، علامہ رمضان توقیر

انصاف کے متلاشی معاشرے تک پیغام محمد (ص) پہنچانا فرض ہے، علامہ رمضان توقیر
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر اور سابق مشیر وزیراعلٰی خیبر پختونخوا علامہ محمد رمضان توقیر نے کہا ہے کہ رحمت للعالمین حضرت محمد (ص) نے پیغام توحید کے ذریعے سرحدی امن و سلامتی کے قیام میں ابرکرم کی طرح برسات برسائی۔ عصر حاضر میں امن و سکون کے متلاشی انسانوں تک رحمت للعالمین کے پیغام کو پہنچانا واجبات میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے سید علیاں میں فکر صادقین سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ فکر صادقین سیمینار ہفتہ وحدت، میلاد محمد (ص) و امام صادق آل محمد کی مناسبت سے منعقد کیا گیا تھا۔ جس میں بچوں کے درمیان قرآت، نعت خوانی اور تقریری مقابلے ہوئے۔ سیمینار میں مختلف مکتب فکر سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے علامہ محمد رمضان توقیر نے کہا ہے کہ آج دنیا عدل و انصاف سے خالی اور ظلم و ستم سے بھر گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 14 سو سال پہلے نبی رحمت نے جس فلاحی و اسلامی معاشرے کی تشکیل کی تھی آج دشمنان اسلام نے ہمیں فقط رسم و رواج اور مسلک تک محدود کر دیا ہے، ہم نے اسلام کے آفاقی نظام کو مسلک و فرقہ کے تعصب میں گرفتار ہو کر بے اثر کر دیا ہے، آج مشرق سے مغرب، شمال سے جنوب اسلام کا نام کم اور فرقہ و مسلک کا نام زیادہ ملے گا۔ کوئی خطہ ایسا نہیں جہاں ماحول پرسکون، جہاں عدل و انصاف کا دور دورہ ہو۔ جہاں ظلم و ستم کا نام و نشان نہ ہو، جہاں لوگ عفو و درگزر سے کام لیتے ہوں، جہاں ایک دوسرے کے حقوق کا خیال کیا جاتا ہو۔ انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا ہے کہ امام جعفر صادق (ع) کی کلاس میں 40 ہزار کے قریب شاگرد حاضر ہوتے تھے۔ انہوں نے اس وقت جدید علوم سے اپنے شاگردوں کو روشناس کرایا، جو بعد میں امت کے امام کہلائے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج رسالت مآب کی تعلیمات کی عملی تصویر ہمارے سامنے ہے۔ جو انہوں نے اتحاد و وحدت، محبت کی تعلیم دی تھی۔ آج کے یہ بچے کل کے عالم ہوں گے، اور ایسے ہی معاشرے کی فضا بنائیں گے۔ جس میں عفو و درگزر و برداشت ہو۔ ایک دوسرے کا احترام ہو۔ پروگرام کے آخر میں علامہ محمد رمضان توقیر نے پوزیشن ہولڈر بچوں میں انعامات تقسیم کئے۔
خبر کا کوڈ : 509027
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش