1
0
Sunday 17 Jan 2016 19:15
اقتصادی اور دفاعی لحاظ سے مضبوط پاکستان امت مسلمہ کیلئے بہتر ہو گا

اغیار نے ایران کو مان لیا اب اپنے بھی مان لیں، پیر اعجاز ہاشمی

اغیار نے ایران کو مان لیا اب اپنے بھی مان لیں، پیر اعجاز ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز ہاشمی نے عالمی برادری کی طرف سے ایران پر عائد اقتصادی پابندیا ں اٹھانے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی قیادت کی سیاسی دانشمندی اور جمہوری انداز نے بدترین مخالف امریکہ اور اس کی اتحادی طاقتوں کو مجبور کیا اور مذاکرات کے ذریعے اپنے مطالبات منوا کر ایٹمی معاہدہ کیا، یہ امت مسلمہ کی کامیابی ہے، اغیار نے ایران کی صلاحیت کو مان لیا ہے، اب اپنے بھی مان لیں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ امریکہ اور یورپی یونین کی طرف سے اتنے عرصے بعد پابندیاں اٹھائی گئیں ہیں، اسے جمہوریت پسند خوش آئند قرار دیتے ہیں، امید کرتے ہیں کہ ایران اتحاد امت اور اسلامی ممالک کے مسائل کے حل میں مزید بہتر کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب یا کسی دوسرے مسلم ملک کو اقتصادی طور پر مضبوط ایران سے پریشان نہیں ہونا چاہیے، اب تک ایرانی قیادت کا کردار قابل تحسین رہا ہے اور امید کرتے ہیں کہ سعودی عرب کیساتھ جو معاملات خراب ہوئے ہیں، انہیں پاکستان حل کرانے میں ثالثی کا کردار ادا کرے گا۔

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای، صدر حسن روحانی اور وزیر خارجہ جواد ظریف کو مبارکباد دیتے ہوئے پیر اعجاز ہاشمی کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کیلئے اقتصادی اور دفاعی طور پر مضبوط ایران بہتر ہوگا، اغیار نے ایران کو تسلیم کر لیا ہے، تو سعودی عرب اور اس کے اتحادی مسلم ممالک کو بھی تعلقات بحال کرنے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینی کی قیادت میں ایران میں آنیوالے اسلامی انقلاب کو امریکہ اور دیگر ممالک نے خود کیلئے خطرہ محسوس کیا اور عالمی پالیسیوں پر اختلافات کے باعث ایران پر جو پابندیاں لگیں، اس نے اسلامی مملکت کیلئے مشکلات ضرور پیدا کیں مگر انہوں نے اپنا راستہ نہیں چھوڑا اور امام خمینی کی فکر کے مطابق اتحاد امت اور اسلام کی سربلندی کیلئے اپنا کردار جاری رکھا، اسے امت مسلمہ کا درد رکھنے والا ہر صاحب ایمان قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور لطف کی بات تو یہ ہے کہ ایران میں ملوکیت نہیں، جمہوریت کے ذریعے نظام مملکت چلایا گیا، اقتدار میں بانی انقلاب کے خاندان والے نہیں، بلکہ ان کے رفقا اور شاگرد آئے، یہی اس کی کامیابی کی بڑی دلیل ہے، دوسرے ممالک بھی اسی طرز فکر کو اپنا کر بادشاہتوں کو ختم کریں۔
خبر کا کوڈ : 513103
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

Noor Syed
Pakistan
میں ایران کے جذبہ ایثار و قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، جو اُس نے امت مسلمہ کے اتحاد کے لئے ہر میدان میں اٹھائے۔
ہماری پیشکش