0
Wednesday 3 Feb 2016 10:02

پی آئی اے ملازمین کا احتجاج جاری ہے، کئی پروازیں منسوخ

پی آئی اے ملازمین کا احتجاج جاری ہے، کئی پروازیں منسوخ
اسلام ٹائمز۔  پاکستان ائرلائن کی مجوزہ نجکاری کے خلاف ملازمین کا احتجاج جاری ہے جس کے باعث بیشتر شہروں میں پروازوں کا شیڈول منسوخ ہو گیا ہے۔ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے نجی ایئرلائنز منہ مانگے دام ٹکٹ فروخت کر رہی ہیں۔ پی آئی اے ملازمین کا احتجاج جاری ہے جس کے باعث آج بھی کئی پروازیں منسوخ کر دی گئیں جبکہ بعض کا شیڈول متاثر ہوا ہے۔ فیصل آباد میں ملازمین نے نویں روز بھی کام بند کر رکھا۔ کراچی میں جاں بحق 2 ملازمین کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی جائے گی۔ ملتان ایئرپورٹ سے آج پی آئی اے کی 10 پروازیں شیڈول میں تھیں، ملازمین کی ہڑتال کے باعث تمام پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں۔ کراچی سے بہاول پور اور بہاول پور سے کراچی آنے اور جانے والی پروازیں شیڈول کے مطابق روانہ نہیں ہو سکی ہیں۔ رحیم یار خان میں پی آئی اے کے آفس بند ہیں جس سے تمام فلائٹ کے شیڈول معطل ہو کر رہ گئے ہیں۔ سکھر سے اسلام آباد جانے والی اور کراچی سے سکھر آنے والی پروازیں منسوخ ہیں۔ جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ادھر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نجی ایئر لائن کو آج سے 3 شہروں کے لیے خصوصی پروازیں چلانے کی ہدایت کر دی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے ہنگامی اقدامات کا فیصلہ مسافروں کی تکلیف کے ازالے کے لیے کیا گیا۔ ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق نجی ایئر لائن، ایئر بلیو کو لاہور، اسلام آباد اور کراچی کے لیے اضافی پروازیں چلانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ لاہور سے کراچی کے لیے شام ساڑھے 6 بجے اور رات 8 بجے، کراچی سے لاہور کے لیے رات پونے 9 بجے اور سوا 10 بجے پروازیں روانہ ہوں گی۔ ترجمان نے کہا کہ اسلام آباد سے کراچی کے لیے صبح 9 بجے اور رات 10 بجے ،کراچی سے اسلام آباد کےلیے ساڑھے 11 بجے اور ساڑھے 12 بجے پروازیں روانہ ہوں گی۔
خبر کا کوڈ : 517769
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش