0
Tuesday 9 Feb 2016 23:03

دنیا بھر کے علما جہاد کے نام پر فساد کیخلاف میدان میں آئیں، ضیاالحق نقشبندی

دنیا بھر کے علما جہاد کے نام پر فساد کیخلاف میدان میں آئیں، ضیاالحق نقشبندی
اسلام ٹائمز۔ تنظیم اتحاد امت پاکستان کے چیئرمین محمد ضیاالحق نقشبندی نے لاہور میں تقریب سے خطاب میں کہا کہ دہشتگردی میں ملوث مدارس کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جائے، دہشتگردوں کے بیرونی رابطے اور فنڈنگ روکی جائے، ملک کو اسلحہ سے پاک کیا جائے، اسلام نے انسانی جان کی حرمت کو کعبہ کی حرمت سے بھی اہم قرار دیا ہے، مسلم نوجوانوں کو خونریزی کی ترغیب دینے والے دنیا و آخرت میں شدید عذابِ الٰہی کے حق دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر دہشتگردی کرنیوالے اسلام کا خوبصورت چہرہ مسخ کر رہے ہیں، اِس لیے دنیا بھر کے علمائے حق جہاد کے نام پر فساد کرنیوالوں کے فکری توڑ کیلئے میدان میں آئیں اور حقیقی اسلام دنیا کے سامنے پیش کریں، آپریشن ضربِ عضب کا دائرہ ملک بھر میں پھیلایا جائے اور دہشتگردوں کے حامیوں، مددگاروں، سہولت کاروں اور سرپرستوں کو بھی پکڑا جائے۔

انہوں نے کہا کہ را کے نیٹ ورک کے صفایا کیلئے ملک گیر آپریشن کیا جائے، پاکستان میں بھارتی مداخلت کے ثبوت عالمی برادری کے سامنے پیش کئے جائیں، نام بدل کر کام کرنیوالی کالعدم تنظیموں کے نیٹ ورک کا خاتمہ کیا جائے اور کالعدم دہشتگرد تنظیموں کے قائدین کی جائیدادیں ضبط کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں جاری آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے اور کراچی کو را کے ایجنٹوں، بھتہ خوروں، لینڈ مافیا اور ڈرگ مافیا سے پاک کیا جائے، نیکٹا کو فعال اور پولیس کو سیاست سے پاک کیا جائے، حکومت تمام سرکاری اداروں اور بالخصوص کالجز اور یونیورسٹیوں کو دہشتگردوں کے حامیوں، مخبروں اور ہمدردوں سے پاک کرے۔

انہوں نے کہا کہ نام نہاد جہادی تنظیموں کی تخریبی اور فسادی کارروائیاں اسلام کی بدنامی، عالمِ اسلام کی کمزوری اور ہزاروں گھرانوں کی بربادی کا باعث بن رہی ہیں اور ان کے خونی کھیل سے اسلام کے دشمن امریکہ کا کام آسان ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نظریات کا مقابلہ طاقت نہیں نظریات سے ہونا چاہیے، اسلامی ریاست کے باغیوں کی سرکوبی کے جہاد میں حکومت کیساتھ تعاون ہر شہری پر فرض ہے، خارجی ٹولہ اپنے ہم خیال افراد کے علاوہ سب کو واجب القتل سمجھتا ہے، خارجی نظریات و افکار کا حقیقی اسلام سے کوئی تعلق نہیں، تمام آئمہ کرام اِس بات پر متفق ہیں کہ جب کوئی مسلح گروہ کسی خود ساختہ تاویل کی بنیاد پر مسلم حکومت کی رِٹ سے نکل جائے تو اِس کے خلاف جنگ کرنا مباح ہے۔
خبر کا کوڈ : 519591
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش