0
Monday 15 Feb 2016 09:45
حرمین شریفین کربلا و نجف ہماری ریڈ لائن ہیں، انکی حفاظت اور دفاع مسلمانوں کا شرعی وظیفہ ہے

شامی حکومت کی درخواست پر فضائی شعبے میں بھی بھرپور رہنمائی اور معاونت کیجائیگی، فرزاد اسماعیلی

شامی حکومت کی درخواست پر فضائی شعبے میں بھی بھرپور رہنمائی اور معاونت کیجائیگی، فرزاد اسماعیلی
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کی فضائیہ کے ترجمان فرزاد اسماعیلی نے کہا ہے کہ شامی حکومت کی اجازت کے بغیر اس ملک میں زمینی مداخلت کا نتیجہ شکست کی صورت میں نکلے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر شامی حکومت نے ایران سے فضائی مدد مانگی تو ایران اس کی بھرپور مدد کرے گا۔ سعودی عرب کی جانب سے شام کے شمالی علاقے میں زمینی فوج بھیجنے کے دعوے پر اپنے ردعمل میں ایرانی فضائیہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ شام ایک بڑا اسلامی ملک ہے، جہاں پر قانونی حکومت اور غیور عوام موجود ہیں، جو گذشتہ پانچ سال سے دہشتگردوں کے خلاف لڑ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر شام کی قانونی حکومت کی اجازت کے بغیر کوئی بھی فوج اس کی زمینی حدود میں داخل ہوئی تو اس کا نتیجہ شکست اور تباہی کی صورت میں ظاہر ہوگا۔

فرزاد اسماعیلی کا مزید کہنا تھا کہ اگر کوئی اعلان کرتا ہے کہ اس کی نیت خیر ہے تو پھر وہ اپنے عمل سے بھی اسے ثابت کرے۔ انکا کہنا تھا کہ شامی حکومت کی اجازت کے بغیر کسی طرح کی بھی مداخلت کی صورت میں نہ تو نیت خیر ہے اور نہ ہی ایسی موجودگی باافتخار ہے۔ ایرانی فضائیہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کو شام میں زمینی مداخلت کے بارے میں غور کرنے کی بجائے یہ سوچنا چاہیئے کہ وہ یمن میں خونریزی اور کودک کشی نہ کرے۔ شامی حکومت کے خلاف اس طرح کی دھمکیوں کے بارے میں ایران کے ردعمل کے بارے میں فرزاد اسماعیلی نے کہا کہ جیسا کہ ایرانی فوج کے کمانڈر انچیف نے کہا ہے کہ شام میں ایران کا کردار مشاورتی ہے اور اگر شام کو فضائی حوالے سے بھی ہماری مدد کی ضرورت ہوئی تو ہم پوری قوت کیساتھ اسکا ساتھ دیں گے۔ ایرانی فضائیہ کے ترجمان نے حرمین شریفین کربلا و نجف کو کسی بھی خطرے کی صورت میں کہا کہ حرمین شریفین ہماری لئے ریڈ لائن ہیں اور ان کی حفاظت اور دفاع مسلمانوں کا شرعی وظیفہ ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق ایران کی فضائیہ کے ترجمان فرزاد اسماعیلی کا کہنا ہے کہ شام کے صدر بشار الاسد کی جانب سے مدد کی درخواست پر ہماری فضائیہ فوری حرکت میں آئے گی۔ غیر ملکی خبر ایجنسی نے فضائیہ کے ترجمان فرزاد اسماعیلی کا ایک بیان نقل کیا ہے، جس میں ان کا کہنا ہے کہ ان کا ملک دمشق کی جانب سے فوجی مدد کی درخواست پر فوری کارروائی میں ذرا بھی تاخیر نہیں کرے گا۔ فضائی شعبے میں بھی شامی فوج کی بھرپور رہنمائی اور معاونت کی جائے گی۔ ایرانی فضائیہ کے ترجمان نے کہا کہ شام میں تہران کی فوجی مداخلت سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی براہ راست ہدایات کے عین مطابق ہے۔ شامی حکومت کے دفاع اور معاونت کے لئے تہران ہر ممکن مدد کے لئے تیار ہے۔ دریں اثنا روس کی وزارت خارجہ نے بتایا ہے کہ روسی حکومت عنقریب S-300 نامی میزائل اپنے اتحادی ایران کے حوالے کر دے گی۔ تاہم اس حوالے سے روس یا ایران کا سرکاری طور پر موقف سامنے نہیں آیا۔
خبر کا کوڈ : 521300
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش