0
Friday 26 Feb 2016 13:37

وزیراعظم نواز شریف نے سندھ اور پنجاب کے درمیان غلط فہمیوں کو ختم کر دیا، گورنر سندھ

وزیراعظم نواز شریف نے سندھ اور پنجاب کے درمیان غلط فہمیوں کو ختم کر دیا، گورنر سندھ
اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے آج سندھ اور پنجاب کے درمیان غلط فہمیوں کو ختم کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں گرین لائن بس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ کراچی کی آبادی میں اضافہ ہوتا رہا، لیکن انفرااسٹرکچر پر کسی نے توجہ نہیں دی، جبکہ 2013ء میں شہر کے امن کیلئے وزیراعظم نے اہم قدم اٹھایا، جس پر سب نے لبیک کہا، اور سیکیورٹی فورسز خصوصاً رینجرز نے امن و امان کی اونر شپ لی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کا سہرا تمام اسٹیک ہولڈرز کو جاتا ہے، دہشتگردی پر قابو پانا رینجرز کا کارنامہ ہے، اور شہر قائد میں دہشتگردی کے خلاف آپریشن ہر قیمت پر اپنے منطقی انجام تک پہنچے گا۔ گورنر سندھ نے گرین لائن منصوبے پر شاعرانہ انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں بس کا عجب معاملہ تھا، نہ بس چل رہی تھی، نہ بس چل رہا تھا، کراچی کو پاکستان کا دل کہتے رہے، لیکن اس دل کی حفاظت کسی نے نہیں کی، دل کی شریانیں بند ہوتی گئیں، جس پر وزیراعظم نے توجہ دی، اور وزیراعظم نواز شریف نے آج سندھ اور پنجاب کے درمیان غلط فہمی کو ختم کر دیا ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ماس ٹرانزٹ کراچی کے عوام کی ضرورت اور خواہش تھی، گزارش ہے کہ نیشنل ہائی وے منصوبے کو بھی مکمل کیا جائے، اور آپ آج فیصلہ کر دیں کہ سرکلر ریلوے بھی ہم نے بنانی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں گرین لائن میٹرو بس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے پر وزیراعظم نواز شریف کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں، اس طرح کے 5 مزید منصوبے شہر میں شروع کئے جائیں گے، جنہیں آئندہ ڈھائی برسوں میں مکمل کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ لاہور سے کراچی کو ملانے والی موٹر وے کو سکھر کے بجائے حیدر آباد سے شروع کیا جائے، اور شہر میں پانی کے مسائل کے حل کیلئے بھی پروجیکٹ شروع کئے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 523713
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش