0
Wednesday 16 Mar 2016 10:33

کراچی میں جعلی کرنل اور میجر سمیت 5 جعلساز ملزمان گرفتار

کراچی میں جعلی کرنل اور میجر سمیت 5 جعلساز ملزمان گرفتار
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں فیروزآباد پولیس نے جعلی کرنل اور جعلی میجر سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کرکے درجنوں پلاٹوں کی جعلی فائلیں اور سرکاری ملازمتوں کے جعلی تقرر نامے برآمد کرلئے، ملزمان میر منور علی تالپور سمیت دیگر سیاسی شخصیات کے نیب میں قائم مقدمات ختم کرانے کا جھانسہ دیکر رقوم وصول کر چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں فیروز آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی کرنل محمد سجاد عرف کرنل سجاد، جعلی میجر نیازی، سید مجاہد حسین، نور زمان عرف زمان شاہ اور طلال قریشی کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے درجنوں پلاٹوں کی جعلی فائلیں، اور سرکاری محکموں میں نوکریوں کے جعلی تقرر نامے برآمد کرلئے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان اپنے آپ کو مختلف دفاتر اور مقامات پر جعلی آرمی افسر ظاہر کرکے شہریوں کو جعلی ملازمتوں کے تقرر نامے اور پلاٹوں کی جعلی فائلیں فروخت کرکے رقم وصول کر چکے ہیں۔

گرفتار ملزمان مختلف سیاسی، کاروباری اور سرکاری افسران کے خلاف نیشنل اکاؤنٹیبلٹی بیورو (نیب) میں درج مقدمات ختم کرانے کا جھانسہ دے کر ان سے رقم وصول کر چکے ہیں، ملزمان سندھ کی سیاسی شخصیت میر منور تالپور کو ان کے خلاف نیب میں درج مقدمات ختم کرانے پر بلیک میل کرتے رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق درجنوں سیاستدان، سرکاری افسران اور ملازمین، تاجر، صنعتکار اور سفید پوش افراد اپنا نام منظر عام پر آنے کے خوف سے گرفتار ملزمان کے بارے میں کچھ بھی بتانے سے ڈر رہے ہیں، حالانکہ ملزمان نے دوران تفتیش اہم سیاست دانوں، سرکاری افسران اور کاروباری افراد جن کو انھوں نے بلیک میل کرکے رقوم لی ہیں، کے بارے میں بتا دیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان نے جیکب لائن کے رہائشی ندیم سے گلستان جوہر میں فلیٹ دلانے کیلئے ڈیڑھ لاکھ روپے لئے تھے، پولیس نے ندیم کی مدعیت میں مقدمہ الزام نمبر 64/16 درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔
خبر کا کوڈ : 527836
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش