0
Sunday 24 Apr 2016 18:48
امیر جماعت اسلامی نے خود کو احتساب کیلئے پیش کر دیا

کرپشن کیخلاف لڑیں گے اور پاکستان میں قانون اور آئین کی حکمرانی لائیں گے، سراج الحق

کرپشن کیخلاف لڑیں گے اور پاکستان میں قانون اور آئین کی حکمرانی لائیں گے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے لاہور میں کرپشن فری پاکستان مہم کے سلسلہ میں مال روڈ پر دھرنے سے خطاب میں کہا کہ ملک میں آج چھوٹو اور موٹو گینگ موجود ہیں، حکمرانوں کے گینگ ہیں جو لوٹ مار میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اخلاقی کرپشن پر بھی کمیشن بنایا جانا چاہیئے، کرپشن کیخلاف غریب طبقہ سب سے آگے ہے، پانامہ لیکس ہے اور ایک رائیونڈ لیکس ہے، ہم حیران ہیں کہ حکمران ملک کیساتھ کر کیا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار نے بتایا ہے کہ ملک پر 18 ہزار ارب کا قرضہ ہے تو پاکستان کے عوام یہ پوچھتے ہیں کہ اتنی بڑی رقم کہاں لگی ہے، یہ سارا قرضہ پاکستان کی نوجوان نسل نے ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیاقت علی خان کی موت کے بعد اس کے اکاؤنٹ میں صرف 43 ہزار روپے تھے۔ انہوں نے کہا ملک کے عوام کی صورتحال یہ ہے کہ نوجوان ڈگریاں جلانے اور گردے فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا پولیو سے بچاؤ کے جس طرح قطرے پلائے جاتے ہیں اسی طرح کرپشن سے بچاؤ کیلئے بھی حکمرانوں کو قطرے پلائے جائیں اور اگر وہ قطرے نہ پیئیں تو ان کو اڈیالہ جیل بھیج دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ غریب کو تو کھانا نہیں ملتا اور امیر کے کتے بھی پلاؤ کھاتے ہیں، حیرت ہے حکمران کماتے پاکستان میں ہیں اور کھاتے پانامہ میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں صحافیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے میرے موقف کی حمایت کی اور اس کے حق میں کالم لکھے۔ انہوں نے کہا کہ میں موجودہ نظام کو نہیں مانتا تبدیلی کا راستہ بیلٹ باکس سے گزرتا ہے، پانامہ لیکس کی انفارمیشن اپوزیشن نے نہیں دی، ہم آج سے اپنے عہدیداروں کو احتساب کیلئے پیش کرتے ہیں، لیاقت بلوچ، فرید پراچہ سمیت مجھے اور میری جماعت کے تمام عہدیداروں کا احتساب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ لوگوں کو ووٹ نہ دو، یہ کرپٹ حکمران جب تک لوٹی ہوئی دولت واپس نہیں لاتے انہیں معاف نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کرپشن کیخلاف مل کر تحریک چلانے کا عہد کرتے ہیں۔ انہوں نے دھرنے کے شرکاء سے عہد لیا کہ وہ کرپشن کیخلاف لڑیں گے اور پاکستان میں قانون اور آئین کی حکمرانی لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جمہوریت کیلئے نکلیں گے اور پاکستان کو کرپٹ حکمرانوں سے نجات دلائیں گے۔ انہوں نے اسلامی پاکستان، کرپشن سے پاک پاکستان کے نعرے لگوائے۔
خبر کا کوڈ : 535060
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش