0
Monday 16 May 2016 00:10

وزیراعظم نواز شریف آج پانامہ لیکس کے معاملے پر قومی اسمبلی کو اعتماد میں لیں گے

وزیراعظم نواز شریف آج پانامہ لیکس کے معاملے پر قومی اسمبلی کو اعتماد میں لیں گے
اسلام ٹائمز۔ پاناما لیکس کے معاملے پر قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس آج ہوگا جس میں وزیراعظم نواز شریف بھی شریک ہوں گے۔ اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیرصدارت آج شام 5 بجے ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں پاناما لیکس کے معاملے پر بحث ہوگی جب کہ وزیراعظم نواز شریف بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ متحدہ اپوزیشن نے اس حوالے سے وزیراعظم نوازشریف سے پوچھنے کے لئے 7 سوالات ترتیب دیئے ہیں اور جواب نہ ملنے پر ایوان میں بھرپور احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم سے قبل ایوان میں اپوزیشن اراکین اظہار خیال کریں گے جس کے بعد وزیراعظم پاناما لیکس کے معاملے پر اپوزیشن کے تحفظات پر بات کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ متفقہ ٹی او آرز کے لئے حکومت مذاکراتی کمیٹی کا اعلان کرسکتی ہے یا اسپیکر کو بھی کہا جا سکتا ہےکہ وہ متفقہ ٹی او آرز کے لئے حکومتی اور اپوزیشن ارکان پر مشتمل کمیٹی بنا دیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم اجلاس میں اعلان کریں گے کہ ان کے بچے جوڈیشل کمیشن کے سامنے پیش ہوں گے اور حکومت جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے لئے اپوزیشن کو بات چیت کی آفر بھی دے گی۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ وزیراعظم پانامہ لیکس پر ایوان کو اعتماد میں لینے کے ساتھ ساتھ اپوزیشن کے سوالوں سے متعلق کچھ حقائق بھی سامنے لائیں گے۔
دوسری جانب اپوزیشن پانامہ لیکس کے معاملے پر سب سے پہلے وزیراعظم کے خاندان کے احتساب کا مطالبہ کرے گی جب کہ متحدہ اپوزیشن نے پہلے ہی وزیراعظم سے 7 سوالات کے جواب مانگ لئے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف جلسے کے دوران پہلے ہی کہہ چکے ہیں پاناما لیکس کے معاملے پر اپوزیشن کو تحقیقات سے کوئی غرض نہیں اور وہ صرف سیاست کرنا چاہتی ہے تاہم ہم جوڈیشل کمیشن کی بات جوڈیشل کمیشن میں اور پارلیمنٹ کی بات پارلیمنٹ میں کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 538731
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش