0
Friday 15 Jul 2016 21:05

ملتان، واپڈا ٹائون سکینڈل، سابق سیکرٹری کا فرنٹ مین اور پراپرٹی ڈیلر گرفتار

ملتان، واپڈا ٹائون سکینڈل، سابق سیکرٹری کا فرنٹ مین اور پراپرٹی ڈیلر گرفتار
اسلام ٹائمز۔ نیب ملتان نے واپڈا ٹاؤن سکینڈل میں ایک طویل وقفہ کے بعد گرفتاریوں کا سلسلہ دوبارہ شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں نیب نے سابق سیکرٹری سعید احمد خان کے دست راست اور میپکو کے ملازم واجد رسول اور پراپرٹی ڈیلر یونس سہو کو گرفتار کر لیا۔ دونوں ملزمان کو ریمانڈ کیلئے آج عدالت میں پیش کیا گیا۔ نیب ترجمان کے مطابق واجد رسول بنیادی طور پر سابق سیکرٹری واپڈا ٹاؤن سعید احمد خان کا فرنٹ مین ہے۔ جس نے فیز تھری کی لانچنگ کے دوران سعید احمد خان کی ملی بھگت سے واپڈا ٹاؤن سوسائٹی میں کروڑوں روپے کا فراڈ کیا۔ ملزم نے جعلی رجسٹریاں تیار کیں اور اس کے بدلے میں سعید احمد خان نے ملزم کو پلاٹوں کی فائلیں جاری کیں جوکہ معصوم الاٹیز کو فروخت کر دی گئیں۔ بعدازاں واجد رسول نے کمرشل پلاٹس کی فائلیں غیر قانونی طور پر حاصل کیں اور سوسائٹی کو کروڑوں روپے کے خسارے سے دوچار کیا۔ نیب ترجمان کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش اقرار بھی کر لیا ہے جس پر اسے گرفتار کر لیا۔ اسی طرح پراپرٹی ڈیلر یونس سہو نے سابق سیکرٹری واپڈا ٹاؤن سعید احمد خان کی ملی بھگت سے 200 سے زائد کمرشل پلاٹوں کی فائلیں مارکیٹ میں فروخت کردیں اور سوسائٹی کو 20 کروڑ روپے کا خسارہ پہنچایا۔ جس پر یونس سہو کو گرفتار کر لیا۔ معلوم ہوا ہے کہ نیب کی جانب سے اس سکینڈل کے مرکزی ملزمان کی گرفتاری کے بعد دیگر پراپرٹی ڈیلروں کو حراست میں لینے کے بارے میں سوچا جا رہا ہے تاکہ جلد سے جلد اس سکینڈل کا ریفرنس عدالت میں داخل کیا جا سکے۔ دوسری جانب نیب نے کواپریٹو ڈیپارٹمنٹ کے افسران کے کردار کا تعین کر لیا ہے جن کی قسمت کا بہت جلد فیصلہ کر لیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے واجد رسول میپکو میں بھی ملازمت کرتا رہا ہے۔ جس پر بعض شہریوں نے میپکو کو کارروائی کیلئے درخواستیں دیں۔ لیکن اس کے خلاف کوئی کارروائی نہ ہوئی۔ بلکہ میپکو کی مخصوص لابی سعید خان اور واجد رسول کی پشت پناہی کرتی رہی۔ واجد رسول اور یونس سہو کی گرفاری کے بعد اب نیب کے پاس اس سکینڈل کے ملزمان کی تعداد تین ہوگئی جس میں عنقریب اضافہ ہونے کا امکان ہے۔
خبر کا کوڈ : 552860
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش