0
Saturday 30 Jul 2016 17:22

سعودی عرب نے ساڑھے 400 سے زائد پاکستانیوں پر زندگی تنگ کر دی، فاقوں پر مجبور

سعودی عرب نے ساڑھے 400 سے زائد پاکستانیوں پر زندگی تنگ کر دی، فاقوں پر مجبور
اسلام ٹائمز۔  سہانے سپنے لے کر سعودی عرب روزگار کیلئے جانیوالے سینکڑوں پاکستانی عذاب ناک زندگی گزارنے پر مجبور ہو کر رہ گئے۔ کمپنی نے ساڑھے 400 سے زائد ملازمین کو فاقوں کی دلدل میں دھکیل دیا جبکہ سعودی عرب کی حکومت نے مظلوم پاکستانیوں کی داد رسی کے بجائے انہیں حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا۔ ادھر پاکستانی سفارت خانے نے بھی اپنے ہم وطنوں کا مسئلہ حل کرانے کے بجائے آنکھیں موند لی ہیں۔ آخر کار تنگ آ کر ایک سال سے زائد عرصہ سے تنخواہوں سے محروم ایشیائی کارکنان نے انٹرنیشنل بلڈنگ سسٹم جدہ کیخلاف ینبو میں لیبر آفس میں مقدمہ دائر کر دیا ہے، ان میں سے کئی کارکنان کے کفیل نے اقامہ کی بھی تجدید نہیں کرائی۔ کارکنان نے بتایا کہ لیبر آفس نے ہدایت کی ہے کہ ان کا مقدمہ ہائیکورٹ بھیج دیا جائے گا، لیکن طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے اس میں کم ازکم 3 ہفتے لگیں گے۔ 18 سال سے کمپنی میں چوکیداری کرنیوالے مشتاق نے بتایا کہ میں نے پاکستان میں اپنے بچوں کو سکول چھڑا دیا ہے، اگر مجھے اپنے واجبات نہ ملے تو خدشہ ہے کہ وہ امتحان میں بھی نہیں بیٹھ سکیں گے، تنخواہیں ہیں اور نہ ہی اقامہ ہے۔

بتایا گیا ہے کہ مشتاق کا اقامہ 7 ماہ قبل زائدالمعیاد ہوگیا تھا اور وہ صرف میڈیکل انشورنس کارڈ پر ہی وہاں موجود ہے جبکہ کمپنی کی طرف فراہم کی گئی رہائش کا مالک کا بھی کئی مرتبہ مکان خالی کرنے کا کہہ چکا ہے کیونکہ اسے کرایہ ہی نہیں ملا۔ کمپنی میں سپروائزر صغیر خان نے بتایاکہ میرے پاس کہیں جانے کیلئے ایک ریال بھی نہیں کہ کوئی دوسری نوکری یا کفیل ڈھونڈ سکوں، ہم سے بیشتر اقامے نہ ہونے کی وجہ سے بھی کہیں آ جا نہیں سکتے۔ پاکستانی ورکر محمد عمران فاروق نے بتایا کہ کارکنان نے متعلقہ سفارتخانوں سے بھی رابطہ کیا جہاں سے مدد کرنے کا دلاسہ ہی ملا، 9 ماہ سے اسے تنخواہ نہیں ملی، 8 ماہ سے اپنے خاندان کو کوئی رقم نہیں بھیجی، لیبر کورٹ میں مقدمہ دائر کر دیا ہے لیکن 5 ماہ سے کوئی حل نہیں نکل سکا، لیبر کورٹ بھی کمپنی کی طرف داری کر رہی ہے، انٹرنیٹ کے ذریعے وزارت لیبر میں بھی شکایت درج کرائی لیکن کوئی عمل نہیں ہوا، 450 کارکنان ابتر صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں لیکن بدقسمتی سے پاکستانی سفارتخانے کا کردار بھی شرمناک رہا جبکہ بھارتی سفارتخانے نے ایکشن لیا اور اپنے کارکنان کی معلومات بھی اکٹھی کیں، ہماری عبرتناک داستان وزیراعظم نواز شریف تک پہنچائی جائے۔ بھارتی ورکر شمس الدین نے بتایا کہ اُن کے سفارتخانے بھی مدد کرنے کی یقین دہانی کرائی لیکن فی الحال مسئلہ حل نہیں ہو سکا۔
خبر کا کوڈ : 556542
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش