0
Wednesday 31 Aug 2016 20:36

میئر کراچی وسیم اختر پر درج 2 تازہ مقدمات میں جے آئی ٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا

میئر کراچی وسیم اختر پر درج 2 تازہ مقدمات میں جے آئی ٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا
اسلام ٹائمز۔ نو منتخب میئر کراچی وسیم اختر پر درج 2 تازہ مقدمات میں جے آئی ٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، محکمہ داخلہ سندھ نے اعلامیہ میں بتایا ہے کہ سینئر سپرنٹنڈنٹ کی سربراہی میں قائم کی گئی جے آئی ٹی میں تمام حساس اداروں اور رینجرز کا ایک ایک افسر شامل ہوگا۔ کراچی کے نو منتخب میئر کو اب جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کی تحقیقات سے گزرنا پڑے گا اور ان سے یہ تحقیق ضلع ملیر میں درج کئے گئے 2 حالیہ مقدمات سے متعلق ہوگی۔ وسیم اختر میئر بننے کے بعد بھی گرداب سے نہیں نکل سکے ہیں، گزشتہ روز ہی کراچی کی چابی انہیں دی گئی لیکن جیل سے باہر آنے کی چابی ملنے میں شاید ابھی وقت لگے۔ وسیم اختر پر قائم مقدمات کی جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ حکومت سندھ نے کیا اور اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ایم کیو ایم کے رہنما پر سچل اور ملیر سٹی تھانے میں ریاست پاکستان کے خلاف مجرمانہ سازش، ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے اور انسداد دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں اور ان ہی الزامات سمیت دیگر پر تحقیقات کی جائے گی۔ جے آئی ٹی کا سربراہ سندھ پولیس کا سینئر سپرنٹنڈنٹ ہوگا جبکہ اس میں آئی ایس آئی، ایم آئی، آئی بی، اسپیشل برانچ، سندھ رینجرز اور سی ٹی ڈی سے تعلق رکھنے والے گریڈ 18 کے افسران شامل ہوں گے۔ وسیم اختر سے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم جیل میں ہی تحقیقات کرے گی یا کہیں اور اس کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔
خبر کا کوڈ : 564331
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش