0
Sunday 27 Feb 2011 03:09

ریمنڈ ڈیوس کیس پر امریکا کو خوش کرنے کی کوشش کی گئی تو مصر کی طرح پاکستان میں بھی درجنوں تحریر اسکوائر ابھریں گے،جماعت اسلامی

ریمنڈ ڈیوس کیس پر امریکا کو خوش کرنے کی کوشش کی گئی تو مصر کی طرح پاکستان میں بھی درجنوں تحریر اسکوائر ابھریں گے،جماعت اسلامی
 کراچی:اسلام ٹائمز- جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کیس کے مسئلہ پر کراچی سے خیبر تک پوری قوم متحد ہے، اگر حکمرانوں نے عوامی امنگوں کے خلاف کوئی فیصلہ کیا تو مصر کی طرح پاکستان میں بھی درجنوں تحریر اسکوائر ابھریں گے۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور امریکا نواز پالیسیوں کو ترک کریں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے دو پاکستانیوں کے قاتل امریکی اہلکار ریمنڈ ڈیوس کی ممکنہ رہائی کے خلاف جماعت اسلامی ملیر کے تحت سعود آباد میں منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احتجاجی مظاہرے سے جماعت اسلامی کے مقامی رہنما وسیم مرزا، جمعیت اتحاد العلماء کے مولانا ابراہیم حنیف، قاری فضل اکبر، الخدمت کے سابق ناظم حکیم سعادت ابراہیم اور دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ریمنڈ ڈیوس کو پھانسی دینے اور عافیہ صدیقی کی رہائی کے مطالبات درج تھے۔
حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ریمنڈ ڈیوس کے کراچی میں دو لسانی تنظیموں سے رابطے اور دہشت گردی کیلئے فنڈز کی فراہمی کے انکشافات نے قوم کی آنکھیں کھول دی ہیں، اب قوم جان چکی ہے کہ مساجد و امام بارگاہوں پر خودکش حملہ کرنے والے کون تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس نے دن دیہاڑے دو پاکستانیوں کو قتل کیا ہے اور اسے پاکستان کے قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے۔ اگر حکمرانوں نے امریکی دباؤ کے تحت اسے رہا کرنے کی کوشش کی تو پوری قوم کے غیض و غضب کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ کرپٹ حکمران عوام کے مسائل حل نہیں کرسکتے، مسائل کے حل کیلئے عوام کو خود گھروں سے نکلنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی امریکی مداخلت نے ہماری سلامتی کو خطرے سے دوچار کر دیا ہے، حکمران محض اپنے اقتدار کو بچانے کیلئے امریکا کی جی حضوری کر رہے ہیں، امریکا نواز حکمرانوں اور امریکا سے نجات کیلئے 77ء جیسی تحریک چلانے کی ضرورت ہے، ورنہ موجودہ حکومت اور فرینڈلی اپوزیشن کا کھیل یونہی جاری رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 56528
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش