0
Sunday 18 Sep 2016 17:00
اسلامی انقلاب کا پاک اور مبارک پودہ ایک تناور درخت میں تبدیل ہوچکا ہے

ایرانی عوام سے دشمنوں کی عداوت اور ناراضگی کیوجہ یہ ہے کہ ایران دیگر قوموں کیلئے آئیڈیل بن گیا ہے، سید علی خامنہ ای

امریکہ پر مطلق بے اعتمادی فکر و تدبر اور تجربے کی بنیاد پر استوار دانشمندی کا نتیجہ ہے
ایرانی عوام سے دشمنوں کی عداوت اور ناراضگی کیوجہ یہ ہے کہ ایران دیگر قوموں کیلئے آئیڈیل بن گیا ہے، سید علی خامنہ ای
اسلام ٹائمز۔ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے امریکہ پر کسی بھی لحاظ سے بھروسہ نہ کرنے اور اس پر مطلق بے اعتمادی کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی سافٹ پاور کا ایک اہم جز (یا ایران کے اسلامی جمہوری نظام کی طاقت کا اہم راز) تسلط پسند طاقتوں اور ان میں سرفہرست امریکہ پر کسی بھی عنوان سے بھروسہ نہ کرنا ہے۔ انقلاب اسلامی کے سپریم لیڈر نے کہا کہ امریکہ کے تئیں بے اعتمادی کی اس فضا میں روز بروز اضافہ ہونا چـاہئے۔ انہوں نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈروں سے خطاب کرتے ہوئے امریکہ پر مطلق بے اعتمادی کو فکر و تدبر اور تجربے کی بنیاد پر استوار دانشمندی کا نتیجہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران میں اسلامی انقلاب کے بعد کے برسوں، حالیہ ایٹمی مذاکرات اور دیگر معاملات میں امریکہ کی دشمنی کا مشاہدہ کیا جا چکا ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ مذاکرات کا نہ صرف یہ کہ فائدہ نہیں ہے بلکہ اس سے مذاکرات کرنے میں نقصان بھی ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے علاقے کے بعض ممالک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہوں نے ہوشیاری کا مظاہرہ نہ کیا، امریکہ کے تسلط پسندانہ ہتھکنڈے کو نہ سمجھا اور امریکیوں کی مسکراہٹ کے فریب میں آگئے تو ممکن ہے کہ وہ پچاس سال یا حتی سو سال پیچھے چلے جائیں۔ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے کہا کہ مغربی ایشیا کے مسائل خاص طور پر شام، عراق، لبنان اور یمن کے معاملات پر ایران کے ساتھ مذاکرات کرنے کے لئے امریکہ کے اصرار کا مقصد صرف یہ ہے کہ وہ علاقے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی موثر موجودگی کو روکنا چاہتا ہے، جس نے خطے میں امریکہ کے اہداف کو ناکام بنا دیا ہے۔ ایران کے سپریم لیڈر نے جو مسلح افواج کے سپریم کمانڈر بھی ہیں، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے تشخص کی حفاظت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ حفاظت یا تحفظ کا مطلب وقت کے لحاظ سے توقف کرنا نہیں ہے بلکہ دشمن کی پیشرفت اور اس کے وسائل میں تبدیلیوں کے ساتھ ساتھ سپاہ پاسداران کو بھی چاہئے کہ وہ سائنس و ٹیکنالوجی اور جدید ترین دفاعی ساز و سامان کی تیاری میں مسلسل آگے کی جانب قدم بڑھاتی رہے اور اس راہ میں کہیں بھی نہ رکے۔ انہوں نے ملک میں امن و امان کی صورتحال کو ایک انتہائی اہم موضوع اور معاشرے کی معنوی اور مادی ترقی کا عامل قرار دیا۔

رہبر انقلاب اسلامی نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کو انقلاب کا مستحکم مورچہ اور ملک کے اندر اور ملک کی سرحدوں سے باہر سلامتی کے دفاع کا اہم عنصر بتاتے ہوئے کہا کہ سپاہ پاسداران کی جملہ ذمہ داریوں میں ملک کے اندر سکیورٹی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ سرحدوں سے باہر بھی سکیورٹی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملکی سرحدوں سے باہر سکیورٹی نہیں ہوگی اور سرحدوں سے باہر ہی دشمنوں کو نہ روکا گیا تو ملک کے اندر بھی سلامتی اور سکیورٹی نہیں رہے گی۔ آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے کہا کہ ایرانی عوام سے دشمنوں کی عداوت اور ناراضگی کی وجہ یہ ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران دیگر قوموں کے لئے آئیڈیل بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے شمار دباؤ، پابندیوں اور دھمکیوں کے باوجود ایرانی عوام کی تحریک روز بروز زیادہ شفاف طریقے اور انتہائی شجاعانہ انداز میں آگے بڑھ رہی ہے، جبکہ اسلامی انقلاب کا پاک اور مبارک پودہ ایک تناور درخت میں تبدیل ہوچکا ہے۔
خبر کا کوڈ : 568328
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش