0
Thursday 3 Mar 2011 16:18

شہباز بھٹی کے قتل میں سی آئی اے اور بلیک واٹر کے ملوث ہونے کے امکان کو مسترد نہیں کیا جاسکتا، جماعت اسلامی

شہباز بھٹی کے قتل میں سی آئی اے اور بلیک واٹر کے ملوث ہونے کے امکان کو مسترد نہیں کیا جاسکتا، جماعت اسلامی
کراچی:اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر برائے اقلیتی امور شہباز بھٹی کے قتل پر اقلیتی رہنما یونس سوھن خان کی قیادت میں ادارہ نور حق میں آنے والے اقلیتی رہنماؤں نے جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی، سیکریٹری نسیم صدیقی، اسسٹنٹ سیکریٹری و اقلیتی امور کے نگراں مسلم پرویز سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد شہباز بھٹی کے قتل کے حوالے سے ایک مشترکہ اعلامیہ بھی منظور کیا گیا جس میں کہا گیا کہ وفاقی وزیر برائے اقلیتی امور شہباز بھٹی کا دن دہاڑے قتل انتہائی افسوسناک واقعہ ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ قتل خواہ مسلمان کا ہو یا مسیحی کا اس سفاکانہ اقدام کی حمایت کبھی نہیں کی جاسکتی۔ شہباز بھٹی کو قتل کرنے والوں نے مسلمانوں اور مسیحیوں میں تصادم پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ کوئی بھی مسلمان اختلاف رائے کی بنیاد پر کسی مسیحی کے قتل کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ جن لوگوں نے درندگی کا مظاہرہ کیا ہے وہ انسانیت کے دشمن ہیں۔ حکومت انہیں فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دے۔
انہوں نے کہا کہ یہ امر بھی تعجب خیز ہے کہ دھمکیاں ملنے کے باوجود حکومت کی جانب سے ان کی حفاظت کا کوئی بندوبست نہیں کیا گیا اور اسلام آباد جیسے ہائی سیکورٹی زون میں شہباز بھٹی کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ حکومت کی ناقص سیکورٹی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ سابق گورنر پنجاب اسلام آباد میں ہی قتل کیا گیا اور سیکورٹی ایجنسیاں منہ دیکھتی رہ گئیں۔
رہنماؤں نے کہا کہ شہباز بھٹی کے قتل کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے، تاہم اس امر کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا کہ غیر ملکی طاقتیں بالخصوص امریکی سی آئی اے اور بلیک واٹر کے اہلکار بھی اس نوع کے واقعات میں ملوث پائے گئے ہیں اور اب بھی یہ محسوس ہو رہا ہے کہ دو پاکستانیوں کے قاتل ریمنڈ ڈیوس کے واقعے سے توجہ ہٹانے کیلئے یہ سارا کھیل کھیلا گیا ہے۔ پاکستان میں بسنے والے مسیحی برادری ہمارے ہم وطن ہیں اور ملک کو جب بھی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا تو مسیحی برادری نے مسلمانوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر اس کا مقابلہ کیا ہے۔ قاتلوں کی گرفتاری تک مسیحی برادری کے احتجاج میں ہم مکمل طور پر شامل ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت فی الفور واقعے کی عدالتی تحقیقات کرائے۔ شہباز بھٹی کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے تک لائے اور پاکستان میں مسیحی برادری کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائے۔

خبر کا کوڈ : 57350
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش