0
Friday 7 Oct 2016 20:36

علما اور عوام اسلام و پاکستان کے دشمنوں کے عزائم ناکام بنا دیں، عبدالخبیر آزاد

علما اور عوام اسلام و پاکستان کے دشمنوں کے عزائم ناکام بنا دیں، عبدالخبیر آزاد
اسلام ٹائمز۔ اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب کے کنوینئر خطیب بادشاہی مسجد وچیئرمین مجلس علما پاکستان مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے کہا ہے کہ تمام مسالک و مذاہب کے عقائد و نظریات اور ان کے مذہبی مقامات و عبادت گاہوں کا احترام کیا جائے اور زریں اصول کہ اپنے مسلک کو چھوڑو نہ اور کسی کے مسلک کو چھیڑو نہ پر عمل پیرا ہوں۔ اپنے اپنے دائرہ کار میں رہتے ہو ئے صحابہ کرام و اہلیبیت اطہار کے مقام و عظمت کو بھرپور خراج عقیدت پیش کریں، مودی سرکار کو بتانا چاہتے ہیں کہ حکومت، فوج اور سیکیورٹی اداروں کی پشت پر پاکستان کی 20 کروڑ عوام ہے جو وقت آنے پر کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے گریز نہیں کرے گی۔ تمام مکاتب فکر کے علما، مذہبی رہنما اور عوام متحد ہو کر اسلام، وطن اور سلامتی کے دشمنوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیں، سیدنا حضرت امام حسین کی شہادت سے ہمیں ایثار وقربانی، اخوت و محبت اور امن کا درس ملتا ہے جو کہ مشعل راہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان پریس کلب میں جماعت اہلسنت کے مرکزی رہنما مولانا محمد خان لغاری، تحفظ عزاداری حضرت امام حسین کے مرکزی صدر الحاج شفقت حسنین بھٹہ، جماعت اہلحدیث کے رہنما علامہ خالد محمود ندیم ودیگر رہنماؤں مولانا مفتی سیف اللہ خالد، سید عبد البصیر آزاد، سید طالب حسین پرواز، عبد الخالق مرالی کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے مزید کہا کہ آج وطن عزیز کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے اور اسلام و پاکستان دشمن قوتیں ہمارے امن کو تباہ کرنا چاہتی ہیں، ایسے حالات میں قیام امن کے لئے اتحاد بین المسلمین کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان اور ضرب عضب آپریشن کو سراہتے ہیں جس کی وجہ سے امن کے دشمنوں کے خلاف بھرپور کاروائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی وجہ سے مودی سرکار کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں، جو کنٹرول لائن پر بار بار خلاف ورزی کر رہے ہیں جس کی جتنی مذمت کی جا ئے وہ کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتوں کو کشمیر سمیت عراق، شام، یمن، فلسطین میں ظلم ہوتا نظر کیو ں نہیں آتا۔
خبر کا کوڈ : 573533
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش