0
Saturday 5 Mar 2011 01:49

حکمرانوں نے ملک کو امریکا کی چراگاہ بنا دیا ہے، ریمنڈ ڈیوس سفارتکار نہیں سی آئی اے کا ایجنٹ ہے، محمد حسین محنتی

حکمرانوں نے ملک کو امریکا کی چراگاہ بنا دیا ہے، ریمنڈ ڈیوس سفارتکار نہیں سی آئی اے کا ایجنٹ ہے، محمد حسین محنتی
کراچی:اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حکومت عوام پر مہنگائی مسلط کر کے انہیں زندہ درگور کرنے کی کوشش کر رہی ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 50 فیصد کمی عوام کو منظور نہیں، حکومت مکمل اضافہ واپس لے، قیمتوں میں اضافہ ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کی ایماء پر کیا گیا ہے۔ ریمنڈ ڈیوس سفارتکار نہیں، سی آئی اے کا ایجنٹ ہے، قانون کے مطابق اسے سزائے موت دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف میمن مسجد بولٹن مارکیٹ پر ہونیوالے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مظاہرے میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ 
محمد حسین محنتی نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ریمنڈ ڈیوس کی گرفتاری سے یہ بات عیاں ہوگئی ہے کہ پاکستان میں امریکا کے جاسوسی نظام کا منظم جال بچھا ہوا ہے، پاکستان کے بڑے بڑے شہروں میں بلیک واٹر اور سی آئی اے کے اہلکار موجود ہیں جنہوں نے کرائے پر مکانات بھی حاصل کر رکھے ہیں، خود سی آئی اے نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے اپنے اقدامات سے ملک کو امریکا کی چراگاہ بنا دیا ہے، بڑے پیمانے پر امریکی مداخلت جاری ہے، ڈرون حملے کئے جا رہے ہیں، امریکا کا جاسوسی نظام ریمنڈ ڈیوس چلا رہا تھا، جس نے خود اعتراف کیا ہے کہ خودکش حملے اور بم دھماکوں میں سی آئی اے کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 50 فیصد کمی کر کے عوام کو طفل تسلی دینے کی کوشش کی ہے، عوام کو یہ کمی قبول نہیں ہے، حکومت مکمل اضافہ واپس لے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے دباؤ پر کیا گیا ہے، عوام کو بھی یہ بات سمجھنی چاہیے کہ امریکا پاکستان کا دوست نہیں ہو سکتا، یہ ہمارا دشمن ہے اور دہشتگردی گردی کے خلاف جنگ بھی ہماری جنگ نہیں یہ امریکا کی جنگ ہے، مگر ملک پر مسلط حکمران ٹولے نے اس جنگ میں شرکت کر کے ملکی سلامتی اور خودمختاری کو داؤ پر لگا دیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان سے امریکی نیٹ ورک کو ختم کیا جائے، حکمران پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بجائے اپنی عیاشیاں کم کریں، سرکاری اخراجات میں کمی کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم خودار اور غیور قوم ہے، اسے امریکی امداد کے بدلے اپنی قومی سلامتی کا سودا منظور نہیں۔
خبر کا کوڈ : 57545
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش