0
Sunday 16 Oct 2016 15:30

ڈی آئی خان، مختلف واقعات میں چار افراد قتل، 1 زخمی

ڈی آئی خان، مختلف واقعات میں چار افراد قتل، 1 زخمی
اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے مختلف علاقوں میں چار افراد قتل کر دیئے گئے ہیں۔ پولیس نے ان واقعات کے الگ الگ مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ پنیالہ میں پچاس سالہ عبدالرحمن کو اپنے گھرکی بیٹھک میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔ فریقین میں قتل مقاتلے کی دشمنی چلی آرہی تھی۔ دوسرے واقعہ میں آڑہ روڈ پر ایک شخص کی قتل شدہ نعش گومل یونیورسٹی پولیس کو ملی۔ نعش کیساتھ موجود شناختی کارڈ پر سلیمان ولد کٹہ خان سکنہ گنڈی عمر خان درابن درج تھا لیکن جب پولیس نے مقتول کے بھائی کو موقع پر بلایا تو نعش دیکھنے کے بعد اس نے بتایا کہ مقتول  اس کا بھائی نہیں ہے۔ یہ نعش کسی اور کی ہے، جس کے بعد پولیس نے مقتول کے ورثاء اور اسکی شناخت کیلئے کوششیں شروع کر دی۔

تیسرے واقعہ میں تھانہ پہاڑ پور کی حدود میں بہرام خیل پل کالج روڈ پر پچیس سالہ زبیر سندھی ولد حاجی لیاقت علی سندھی سکنہ محلہ گلشن اقبال پہاڑ پور اور اس کا دوست منتظر ولد اعجاز حسین چہل قدمی کر رہے تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار دو نقاب پوشوں نے ان پر فائرنگ کر دی، جس سے زبیر سندھی جاں بحق ہو گیا جبکہ منتظر محفوظ رہا۔ پہاڑ پور پولیس نے مقتول کے چچا اسد علی سندھی کی رپورٹ پر دو نامعلوم ملزمان کیخلاف قتل کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ رپورٹ میں انہوں نے کہاکہ ان کے بھتیجے کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی۔ تھانہ گومل یونیورسٹی کی حدود میں انڈسٹریل ایریا لنک روڈ پر دو مسلح موٹر سائیکل سواروں نے محمدحیات ولد امیر سلیمان خیل سکنہ درابن خورد کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ گومل یونیورسٹی پولیس نے مقتول کے چچازاد طاہرخان کی رپورٹ پر قتل کی دفعہ کے تحت نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے تاہم رپورٹ میں انہوں نے کہاکہ ان کی کسی کیساتھ کوئی دشمنی نہیں۔ ایک اور واقعہ میں تھانہ نواب کے علاقہ پیر خاکی شاہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے کریم خان ولدجلال دین سکنہ پیر خاکی شاہ کو زخمی کر دیا۔ رپورٹ میں کریم خان نے بتایا کہ زین اللہ اور عبدالرحمن سے انکی قتل مقاتلے کی دشمنی چلی آرہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 575854
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش