0
Sunday 27 Nov 2016 19:42

پیپلز پارٹی حسینی قافلہ ہے جو کبھی ختم نہیں ہو سکتا، فیصل کریم کنڈی

پیپلز پارٹی حسینی قافلہ ہے جو کبھی ختم نہیں ہو سکتا، فیصل کریم کنڈی
اسلام ٹائمز۔ صوبائی جنرل سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا و سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی غریبوں، مزدوروں اور کسانوں کی پارٹی ہے 27 دسمبر 2016 تک اگر وفاقی حکومت نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے چار مطالبات تسلیم نہ کئے۔ تو احتجاج کا راستہ پارٹی قیادت کے حکم پر اختیار کریں گے۔ پیپلز پارٹی حسینی قافلہ ہے۔ جو کبھی ختم نہیں ہوسکتا، میرا انتخاب پیپلز پارٹی کے ورکرز کی مرہون منت ہے، بھاری ذمہ داری ہے۔ جنوبی اضلاع میں پارٹی کو مضبوط کیا جائے گا اور ناراض کارکنوں کو منایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کے بلاول ہاؤس میں پیپلز پارٹی ڈیرہ کی جانب سے ان کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے میں مہمان خصوصی کی حیثیت میں کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی ڈیرہ، بنوں لکی، ٹانک اور کرک سے بھی جیالوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ فیصل کریم کنڈی کو لنگیاں پہنائی گئیں جبکہ احمد کریم کنڈی، حاجی قسمت اللہ مروت، ملک فرحان دھپ، سردار ملک محمد اقبال ایسر، مظہر جمیل علیزئی، محمد حنیف پیپا ایڈوکیٹ، محمد ایوب عرف لعل بادشاہ، سیلانی خان بلوچ، ملک سوہنا پٹی بن اور سید سجاد حسین شیرازی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ شہر میں چار گھوڑے لگانے اور پارکوں کو رنگ کرنے سے تبدیلی نہیں آتی۔ الیکشن مہم کا آج سے آغاز کر رہے ہیں۔ پارٹی ورکر پیپلز پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔ وزیراعظم پاکستان مشکل وقت میں مولانا فضل الرحمن کی دعوت پر ڈیرہ آئے اور انٹرنیشنل ائیرپورٹ سمیت بڑے بڑے اعلانات کئے لیکن یہ اعلانات عملی طور پر حل نہیں ہوئے۔ ڈیرہ ائیرپورٹ کو انٹرنیشنل ائیرپورٹ نہیں بنایا گیا بلکہ مقامی ائیرپورٹ سے فلائٹس بند کردی گئیں ہیں۔ اپنی جائیدادیں اور زیورات فروخت کرکے عوامی خدمت کیلئے پی ٹی آئی دور میں منتخب ہونے والے نمائندے ترقیاتی کام کروانے کی بجائے ہاتھ پر ہاتھ رکھے بیٹھے ہیں۔ شہر کے بعض پیپلز پارٹی کے دوست خفا ہیں۔ ان کے پاس ہر وقت جانے کو تیار ہوں۔ ڈویژنل اور ضلعی عہدوں کے امیدواروں کا انٹریو چئیرمین بلاول بھٹو خود لیں گے۔ جنوبی اضلاع کے لئے ہر وقت حاضر ہونگے۔ احمد کریم کنڈی اپوزیشن لیڈر تحصیل کونسل نے کہا کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کو شرم آنی چاہیے۔ ٹی ایم اے ڈیرہ کے ملازمین تنخواہوں سے محروم ہیں۔ ان کو تنخواہیں نہیں دی جارہی دوسری جانب ورکر ویلفئیر بورڈ کے ملازمین کو نوکریوں سے نکالا جارہا ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری جلد ڈیرہ اسماعیل خان آکر ورکرز سے خطاب کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 587007
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش