0
Monday 5 Dec 2016 18:26

ڈاکٹر طاہر القادری کا کراچی کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ باغ جناح میں کرنے کا اعلان

ڈاکٹر طاہر القادری کا کراچی کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ باغ جناح میں کرنے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ سربراہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ نہ ہماری تحریک روایتی ہے نہ کارکن، ہماری جدوجہد ایک نظریئے پر ہے، پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان جیسے جانثار کارکن دنیا کی کسی تحریک کے پاس نہیں، انتہاء پسندی، کرپشن، استحصال کا خاتمہ اور امن کا فروغ ہمارا مشن ہے، ہمارے کارکنان نے سانحہ ماڈل ٹاؤن اور انقلاب مارچ میں گولیاں پیٹھ پر نہیں سینوں پر کھائی ہیں، ہمارے کارکنان جرات و بہادری کے وہ غازی ہیں جنہوں نے 14 لاشے بھی اٹھائے مگر لاکھوں کی تعداد میں اسلام آباد پہنچے، کنٹینرز اور روکاوٹیں، پولیس، ریاستی جبر، ظلم ہمارا راستہ نہ روک سکے ہیں نہ روک سکیں گے، ہم جب چاہیں جس جگہ چاہیں جلسہ، دھرنا یا کوئی بھی احتجاجی تحریک چلا سکتے ہیں، ہمارے کارکنان اور دیگر جماعتوں کے کارکنان میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکن پیسوں کیلئے نہیں انقلاب کیلئے قربانیاں دیتے آئے ہیں اور دیتے رہیں گے۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا انقلابی کارکن کی ڈکشنری میں مایوسی کا لفظ نہیں ہے، ہمارا کارکن کبھی مایوس نہیں ہوتا بلکہ منزل کے حصول کیلئے ہر وقت سرگرداں رہتا ہے۔ وہ پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے کارکنان سے طارق روڈ میں خطاب کر رہے تھے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کراچی میں ہونے والی عظیم الشان سیرت النبی و قیام امن کانفرنس کی کامیابی پر کارکنان کو خصوصی مبارکباد دی اور کارکنان کے اصرار پر اگلا جلسہ باغ جناح میں کرنے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جلسہ کراچی کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا، تنظیمات اسی طرح منظم ہوکر اپنی جدوجہد جاری رکھیں، ہم سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں سے حساب لے کر رہیں گے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کا انجام پھانسی کا پھندا ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے اندرون سندھ سے آئے ہوئے کارکنان سے بھی ملاقات کی۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے سندھ کو تنظیمی لحاظ سے تین حصوں میں تقسیم کرنے کا بھی اعلان کیا جس میں اپر سندھ، لوئر سندھ اور کراچی شامل ہیں، سندھ میں تنظیم کو منظم اور سندھ کے دورے کا بھی اعلان کیا اور اپر سندھ کا صدر مخدوم ندیم ہاشمی، لوئر سندھ کے صدر ندیم نقشبندی کا بھی اعلان کیا۔
خبر کا کوڈ : 588970
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش