0
Saturday 31 Dec 2016 12:53

نیو ایئر نائٹ کے موقع پر کراچی میں دفعہ 144 نافذ، ساحل سمندر عوام کیلئے بند

نیو ایئر نائٹ کے موقع پر کراچی میں دفعہ 144 نافذ، ساحل سمندر عوام کیلئے بند
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کی انتظامیہ نے نیو ایئر نائٹ کے موقع پر دفعہ 144 نافذ کرکے من چلوں کو ساحل سمندر جانے سے روکنے کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے یوم قائد کے موقع پر ہی نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے نیو ایئر نائٹ کو ساحل پر جانے پر پابندی عائد کر دی تھی۔ جس پر عمل درآمد کیلئے اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں، ساحل سمندر جانے والے راستوں پر کنٹینر پہنچا دیئے گئے ہیں اور شام 6 بجے کے بعد ساحل سمندر پر عوام کا جانا بند کر دیا جائے گا۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے اعلامئے کے مطابق ایکسپریس وے اور کورنگی سے آنے والی گاڑیوں کو سی ویو کی جانب نہیں آنے دیا جائے گا، وہ براستہ کورنگی روڈ، شارع فیصل، ریجنٹ پلازہ، کلب چوک، ہوشنگ چوک، تین تلوار، دو تلوار، شارع ایران، کلفٹن ہیلی پیڈ، مزار عبدﷲ شاہ غازی اور خیابان اتحاد سے ہوتے ہوئے اپنی منزل کی طرف جا سکیں گے۔ ڈیفنس کے رہائشی اپنا قومی شناختی کارڈ دکھا کر مذکورہ روٹ پر جا سکیں گے، دیگر غیر متعلقہ گاڑیوں کو واپس کر دیا جائے گا۔

کورنگی روڈ سن سیٹ بلیوارڈ سے جانب پنجاب چورنگی روڈ بھی مکمل بند رہے گا۔ اس کے علاوہ شام 6 بجے کے بعد کسی بھی قسم کی ٹریفک کو براستہ مائی کلاچی اور امریکن قونصلیٹ سے سب میرین چورنگی اور بلاول چورنگی سے کلفٹن ہیلی پیڈ جانے والے راستے بھی بند رہیں گے، تاہم بوٹ بیسن سے جناح برج کی طرف ٹریفک کو جانے کی اجازت ہوگی۔ اسی طرح کسی بھی قسم کی ہیوی ٹریفک کو ماڑی پور روڈ سے براستہ جناح برج مائی کلاچی کی جانب آنے کی اجازت نہیں ہوگی اور یہ ٹریفک براستہ جناح برج سے حب ریور روڈ یا شارع پاکستان سے ہوتے ہوئے اپنی منزل مقصود کی جانب جا سکے گی۔ کورنگی انڈسٹریل ایریا سے آنے والی ہیوی ٹریفک نیشنل ہائی وے اور ناردرن بائی پاس سے ہوتے ہوئے اپنی منزل مقصود تک جا سکے گی۔

شارع فیصل، عبداﷲ ہارون روڈ، ڈاکٹر ضیا الدین احمد روڈ، مائی کلاچی روڈ، کورنگی روڈ اور ایم ٹی خان روڈ پر کسی بھی قسم کی گاڑی پارک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، اس کے ساتھ ساتھ بغیر سائلنسر کی موٹر سائیکلیں یا سائلنسر کے بغیر والی گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی اور قانونی کاروائی کیلئے انہیں علاقہ پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔ نارتھ ناظم آباد، گلبرگ، لیاقت آباد، گلشن اقبال اور نیو کراچی سے ڈیفنس آنے والے براستہ ایم ا ے جناح روڈ، زیب النسا اسٹریٹ، سندھ کلب چوک، تین تلوار، مزار عبداﷲ شاہ غازی اور پھر خیابان اتحاد، جبکہ گڈاپ، بن قاسم، لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل، جمشید اور صدر سے آنے والے براستہ شارع فیصل، سندھ کلب چوک، بلاول چورنگی اور خیابان اتحاد سے ہوتے ہوئے اپنی منزل کی طرف جا سکیں گے۔
خبر کا کوڈ : 595993
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش