0
Saturday 19 Mar 2011 12:11

انسانی حقوق کے عالمی ادارے بحرین میں غیرملکی افواج کے ہاتھوں پرامن مظاہرین کے قتل عام کا نوٹس لیں، مجلس وحدت مسلمین

انسانی حقوق کے عالمی ادارے بحرین میں غیرملکی افواج کے ہاتھوں پرامن مظاہرین کے قتل عام کا نوٹس لیں، مجلس وحدت مسلمین
کراچی:اسلام ٹائمز۔ انسانی حقوق کے عالمی ادارے بحرین میں غیرملکی افواج کے ہاتھوں پرامن مظاہرین کے قتل عام کا نوٹس لیں، سعودی افواج فلسطین کے مظلوموں کی خاطر اسرائیل سے کیوں نبرد آزما نہیں ہوتیں۔؟ امریکی سی آئی اے دہشت گرد ریمنڈ ڈیوس کی رہائی پاکستان کی خودمختاری کے خلاف ایک گھناؤنی سازش ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی کے رہنما مولانا صادق رضا تقوی، معروف عالم دین مولانا عباس وزیری اور علامہ سلمان حسینی سمیت دیگر نے بحرین میں غیرملکی افواج کی جارحیت اور امریکی سی ائی اے دہشت گرد ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کے خلاف احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی کا آغاز بعد از نماز جمعہ جامعہ مسجد مصطفٰی عباس ٹاؤن سے ہوا اور ابو الحسن اصفہانی روڈ پر اختتام ہوا۔ واضح رہے کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے اٹھارہ مارچ کو ملک گیر یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا تھا، جس کے نتیجہ میں ملک بھر میں بحرینی مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی اور غاصب امریکی وصہیونی آلہ کاروں کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔
مقررین کا کہنا تھا کہ امریکی سی آئی اے دہشت گرد ریمنڈ ڈیوس کی رہائی سے یہ ثابت ہو گیا ہے کہ وہ ایک بہت بڑا دہشت گرد تھا اور اس کی رہائی میں پنجاب حکومت ملوث ہے جبکہ امریکی دہشت گرد کی رہائی میں سعودی انٹیلی جنس اداروں کا رویہ بھی شرمناک ہے کہ جنہوں نے بیک ڈور روابط کے ذریعے پاکستانی ایٹمی تنصیبات کے خلاف سازشوں میں ملوث امریکی دہشت گرد کی رہائی میں بھرپور کردار کیا، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو امریکی کالونی نہیں بننے دیں گے۔
مقررین نے شرکائے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بحرین میں غیرملکی فوجوں کی جانب سے پرامن اور بے گناہ مظاہرین کا قتل انتہائی گھناؤنا جرم ہے اور اس پر عالمی اداروں اور انسانی حقوق کے علمبرداروں کی خاموشی لمحہ فکریہ اور ان کے منہ پر طمانچہ ہے۔ رہنماؤں کا کہنا تھا مسلم ممالک کی افواج کے ہاتھوں بحرین میں بے گناہ، نہتے اور مظلوم مظاہرین کا قتل عام انتہائی شرمناک فعل ہے اور افسوس ناک بات یہ ہے کہ غیر ملکی افواج کی قیادت سعودی افواج کے ہاتھوں ہے، ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے مسلمان آج ایک سوال کر رہے ہیں کہ کیا سعودی افواج اور خلیجی ریاستوں کی افواج کو فلسطین میں ڈھائے جانے والے صہیونی مظالم نظر نہیں آ رہے اور آخر کیا وجہ ہے کہ سعودی اور خلیجی افواج غاصب صہیونی ریاست اسرائیل سے جنگ نہیں کرتیں اور مسلمانوں کو آزاد کیوں نہیں کرواتیں؟
انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی ممالک کی افواج کے ہاتھوں بے گناہ مسلمانوں کا قتل عام ناقابل برداشت ہے، خلیجی ریاستیں اور سعودی عرب اپنی فوجوں کو فی الفور بحرین سے نکالیں اور واپس بلائیں بصورت دیگر پاکستان کے عوام ان ریاستوں کے خلاف شدید احتجاج کا راستہ اپنائیں گے۔
رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ بحرین میں غیر ملکی افواج کی آمد میں امریکا ملوث ہے، جو بحرین میں اپنے پانچویں بحری بیڑے کی حفاظت کے لئے امریکی مخالف مظاہرین کو کچلوانے کی سازش کر رہا ہے، رہنماؤں نے حکومت پاکستان سے بھی مطالبہ کیا کہ پاکستانی افراد کی بحرینی افواج میں بھرتی جیسی سازشوں کے خلاف نوٹس لیا جائے اور ایسے اقدامات کرنے والے ملک دشمن عناصر کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔ اس موقع پر مظاہرین نے امریکا مردہ باد، اسرائیل نامنظور، بحرین میں سعودی جارحیت اور ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کے خلاف سخت نعرے بازی کی اور امریکی اور صہیونی پرچم بھی نذر آتش کئے۔

خبر کا کوڈ : 60375
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش