0
Friday 10 Feb 2017 17:38

کراچی، اغواء کاروں نے تاوان کی آن لائن وصولی شروع کر دی

کراچی، اغواء کاروں نے تاوان کی آن لائن وصولی شروع کر دی
اسلام ٹائمز۔ اغواء کاروں نے تاوان کی وصولی کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کردیا ہے۔ پرفیکٹ منی نامی ویب سائٹ کے ذریعے تاوان کی وصولی پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق وقت کے ساتھ جرائم پیشہ افراد نے بھی جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کردیا ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اب تک تفتیش کے روایتی طریقے اپنائے ہوئے ہیں۔ ماضی قریب میں جب جرائم پیشہ افراد کی جانب سے اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں جعلی کوائف پر جاری ہونے والی موبائل سموں کا استعمال شروع کیا گیا، تب بھی تحقیقاتی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لئے کچھ عرصے تک ایسے گروپوں کا سراغ لگانا مشکل ہوگیا تھا، تاہم جب تحقیقاتی اداروں نے جی ایس ایم لوکیٹرز اور لوکیشن ٹریسنگ سسٹم کا استعمال شروع کیا تو بعض اہم گروپ نرغے میں آئے اور ان کا خاتمہ ہوا۔ ذرائع نے بتایا کہ کچھ عرصے میں اغوا برائے تاوان کی ایسی وارداتیں بھی ہوئی ہیں جن میں ملزمان کی جانب سے مغوی کی رہائی کے لئے تاوان غیر ملکی ویب سائٹ کے ذریعے طلب کیا گیا، اب تحقیقاتی اداروں نے اس حوالے سے بھی چھان بین شروع کر دی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ آن لائن پیمنٹ پروسیس ایسا آن لائن اکانٹ ہے جو انٹرنیٹ پر اپنی رقم وصول کرنے یا بھیجنے کیلئے کھولتے ہیں اور مختلف ممالک کے مشہور و معروف پیمنٹ پروسیسز اس وقت انٹرنیٹ پر کروڑوں افراد کو رقوم کے لین دین کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔ اس کی معمولی فیس وصول کی جاتی ہے۔ پاکستان میں بینکوں میں رقوم منتقل کرنے اور نکلوانے کیلئے چیک بکس یا اے ٹی ایم کارڈز کی سہولت موجود ہے۔ بالکل اسی طرح ان آن لائن پیمنٹ پروسیسز میں رقم جمع کرنے اور نکلوانے کیلئے ایکسچینج یا اے ٹی ایم کی سہولت موجود ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پرفیکٹ منی ڈاٹ آئی ایس مقبول آن لائن پیمنٹ پروسیس ہے اور پاکستان سے اس کا اکاونٹ کھولا اور استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اگر صارفین اپنے اکاونٹ کی تصدیق کریں تو اپنے مقامی بینک اکاونٹ کو اس اکاونٹ سے لنک کرکے مقامی بینک اکاؤنٹ میں بھی رقم آسانی سے ٹرانسفر کر سکتے ہیں۔ تحقیقاتی ادارے تاحال ایسی وارداتوں میں اغوا کاروں یا رقوم کی منتقلی کا سراغ نہیں لگا سکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 608198
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش