0
Wednesday 1 Mar 2017 13:16

میئر کراچی نے سندھ حکومت سے 8 سال میں اربوں روپے کا حساب مانگ لیا

میئر کراچی نے سندھ حکومت سے 8 سال میں اربوں روپے کا حساب مانگ لیا
اسلام ٹائمز۔ میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ گزشتہ 8 سال میں اربوں، کھربوں روپے جاری کئے گئے یہ پیسے کہاں گئے کسی کو نہیں معلوم، کراچی کی تباہی کا مقصد پاکستان کی تباہی ہے اور ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارتھ کراچی ایسوسی ایشن ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے دفتر اور نارتھ کراچی انڈسٹریل ایریا کی مختلف سڑکوں کا دورہ کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلع وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی، وائس چیئرمین شاکر علی، ایسوسی ایشن کے سرپرست کیپٹن معیز، قائم مقام صدر نسیم اختر اور بڑی تعداد میں صنعتکار اور تاجر موجود تھے۔ میئر کراچی نے کہا کہ شہر تباہ ہوچکا ہے، تاجر کراچی کے ساتھ کھڑے ہیں، سرکاری اسپتالوں کا حال خراب ہے، ہزاروں مریض پریشان ہیں۔ وسیم اختر کا کہنا تھا کہ اسپتالوں کے کئی آپریشن تھیٹر بند ہیں، آلات درست نہیں ہیں، عملے کی شدید کمی ہے، اسپتالوں کے عملے کی اپ گریڈیشن اور تربیتی کورسز کرانے کی ضرورت ہے، بڑی جماعت ہونے کی دعوے دار سیاسی جماعتیں لوکل گورنمنٹ کا قیام نہیں چاہتی، سندھ کے تمام بیوروکریٹس سے کہوں گا کہ وہ غیر قانونی کام نہ کریں اور ناجائز دباؤ کا مقابلہ کریں، جس طرح پنجاب کے افسران ہمت کرتے ہیں اور غلط کام کرنے سے انکار کردیتے ہیں، کراچی کے عوام جانتے ہیں کہ میرے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں، اب پیر بھی باندھنے کی کوشش کی جارہی ہے، سرکاری اسپتالوں کا برا حال ہے، آپریشن تھیٹر میں کتے بلیوں کا راج ہے۔

میئر کراچی نے نارتھ کراچی انڈسٹریل زون کے لئے فائر ٹینڈر دینے کا بھی اعلان کیا اور بلدیہ عظمیٰ کی جانب سے کچرا جمع کرنے کے لئے بیگز بھی دیئے، تاجروں اور صنعتکاروں نے اپنی جانب سے 5 ہزار کلو گرام کچرے کے بیگ فراہم کرنے اور خود بھی مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ایسوسی ایشن کے سرپرست کیپٹن معیز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم میئر کراچی کے ساتھ ہیں اور کراچی کے ساتھ جو حق تلفی ہورہی ہے اس کی مذمت کرتے ہیں، میئر کام کرنا چاہتے ہیں لیکن انھیں کام کرنے سے روکا جا رہا ہے۔ دوسری جانب میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ پی ایس ایل فائنل کراچی میں ہوتا تو عوام کو سیکیورٹی دیتے، پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں منعقد کیا جانا خوش آئند ہے، اس سے پوری دنیا میں ایک اچھا پیغام جائے گا، پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں منعقد کرنے کے لئے میں نے میئر کی حیثیت سے پیشکش کی تھی اور اس کی تمام تر ذمے داری بھی قبول کرنے کے لئے ہم تیار تھے، جس کا مقصد یہی تھا کہ ہمیں دہشت گردی کے آگے ہتھیار نہیں ڈالنے چاہئیں۔ یہ بات انہوں نے ضلع وسطی میں مختلف منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں کے سوال کے جواب میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ میں انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انھوں نے پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ میئر کراچی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ان کا دل چاہتا ہے کہ لاہور جا کر فائنل میچ دیکھیں، لیکن میئر کی حیثیت سے کراچی کی ذمے داریاں اتنی زیادہ ہیں کہ وہ شاید ایسا نہ کرسکیں۔
خبر کا کوڈ : 614012
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش