0
Tuesday 14 Mar 2017 20:05

لوگوں کی جنت اور دوزخ کا فیصلہ کرنا ہمارا کام نہیں، وزیراعظم کا ہولی کی تقریب سے خطاب

لوگوں کی جنت اور دوزخ کا فیصلہ کرنا ہمارا کام نہیں، وزیراعظم کا ہولی کی تقریب سے خطاب
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ لوگوں کی جنت اور دوزخ کا فیصلہ کرنا ہمارا کام نہیں، اسلام طاقت سے مذہب کی تبدیلی کو جرم قرار دیتا ہے، پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو یکساں حقوق دیتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے مقامی ہوٹل میں ہندو برادری کے مذہبی تہوار ہولی کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ مجھے یہاں آنے کی بہت خوشی ہے۔ تقریب کے شرکاء کو ہولی کی مبارکباد دیتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پیغمبروں نے دین کی دعوت دی، لیکن کسی پر زور زبردستی نہیں دی، پاکستان کا آئین بھی انہیں رہنما اصولوں پر مبنی ہے، جو پوری قوم کی متفقہ دستاویز ہے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان قومی ریاست ہے اور یہاں سب شہریوں کے حقوق برابر ہیں، جو لوگ مذہب کی بنیاد پر شہریوں کے حقوق میں فرق کی بات کرتے ہیں، وہ دین کی درست تعبیر نہیں کرتے اور نہ ہی آئین کی پاسداری کرتے ہیں، پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو یکساں حقوق دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی وحدت کیلئے ہمیں صرف پاکستانی بن کر سوچنا ہوگا، اور پاکستانی عوام کبھی نفرت کی سیاست کو قبول نہیں کریں گے۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کسی مذہب کی مخالفت کیلئے وجود میں نہیں آیا، بلکہ مذہبی تصادم کو روکنے کیلئے وجود میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی آدمی کا دل اگر انسانیت کی محبت سے خالی ہے، تو وہ ایسا پھول ہے، جس میں نہ رنگ ہوتا ہے اور نہ ہی خوشبو، دنیا مانتی ہے کہ پاکستان کا مستقبل تابناک ہے اور پاک سرزمین پر گلاب کھلنے لگے ہیں۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حق اور سچ کے ساتھ کھڑے رہنے والے ہمیشہ کامیاب ہوتے ہیں اور ہر مذہب کہتا ہے کہ انسان کو کبھی مایوس نہیں ہونا چاہیے۔ وزیراعظم نواز شریف نے مذہبی آزادی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا کام لوگوں کی جنت اور دوزخ کا فیصلہ کرنا نہیں، بلکہ سب کیلئے دنیا کو جنت بنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خدا حکمرانوں سے یہ نہیں پوچھے گا کہ تم نے کسی خاص مذہب کے پیروکاروں کیلئے کیا کیا، پوچھا یہ جائے گا کہ مخلوقِ خدا کیلئے کیا کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے ہندوں برادری کی فلاح کیلئے 50 کروڑ روپے دینے کا اعلان بھی کیا۔
خبر کا کوڈ : 618235
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش