0
Thursday 23 Mar 2017 17:24

یمن میں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیوں میں امریکہ اور برطانیہ برابر کے شریک ہیں، ایمنسٹی انٹرنیشنل

یمن میں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیوں میں امریکہ اور برطانیہ برابر کے شریک ہیں، ایمنسٹی انٹرنیشنل
اسلام ٹائمز۔ فارس نیوز ایجنسی کے مطابق، انسانی حقوق کے عالمی ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنے اعلامیے میں واضح کیا ہے کہ برطانیہ اور امریکہ اب تک سعودی عرب کو 5 ارب ڈالر کا اسلحہ فروخت کر چکے ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ یمن میں انجام پانے والی انسانی حقوق کی وسیع پیمانے پر خلاف ورزیوں میں امریکہ اور برطانیہ برابر کے شریک ہیں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل ایک غیر سرکاری تنظیم (این جی او) ہے جس کا مرکزی دفتر لندن میں واقع ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے بیروت میں واقع علاقائی دفتر میں ریسرچ ڈائریکٹر لین مالوف نے اس جاری شدہ اعلامیے میں کہا: "ریاست ہائے متحدہ امریکہ اور برطانیہ، سعودی عرب کو اربوں ڈالر کا اسلحہ فروخت کر کے یمن میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدت اور وسعت میں اضافے کا باعث بنے ہیں۔ ان کا یہ اقدام یمن میں عام شہریوں کی مشکلات اور دکھ درد میں خاطرخواہ اضافے کا باعث بنا ہے"۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے جاری شدہ اعلامئے میں مزید کہا گیا ہے: "مارچ 2015ء میں یمن کے خلاف جارحیت کے آغاز سے لے کر اب تک واشنگٹن اور لندن پانچ ارب ڈالر کا اسلحہ سعودی عرب کو فروخت کر چکے ہیں اور یہ مقدار امریکی اور برطانوی وزارت خارجہ کی جانب سے اپنے بجٹ میں ذکر شدہ مقدار سے دس گنا زیادہ ہے۔ گذشتہ دو برس کی جنگ کے دوران یمن کے تیس لاکھ شہری بے گھر ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں دیگر شہریوں کی زندگی اجڑ چکی ہے۔ بین الاقوامی سطح پر یمنی شہریوں کی انسانی بنیادوں پر امداد کے باوجود بعض ممالک کی جانب سے سعودی حکومت کو حد درجہ اسلحہ فراہم کرنے کے باعث یمنی شہریوں کے دکھ درد اور مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے"۔

یمن کے خلاف سعودی اتحاد کی غیر منصفانہ جارحیت کو اگلے تین روز تک دو سال مکمل ہو جائیں گے اور تیسرے سال میں داخل ہو جائے گی۔ سعودی حکام یمن کے خلاف جارحیت کے آغاز میں دعوی کر رہے تھے کہ وہ زیادہ سے زیادہ دو ماہ کے اندر اندر یمن کے دارالحکومت صنعاء پر قبضہ کر کے جنگ ختم کر دیں گے لیکن اب جبکہ اس جارحیت کو دو سال مکمل ہونے والے ہیں نہ صرف سعودی عرب اپنے مطلوبہ اہداف میں کامیاب نہیں ہوا بلکہ یمن کی انقلابی فورسز کی طرف سے میزائل حملوں میں اس کا جانی و مالی نقصان روز بروز بڑھتا ہی چلا جا رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 620779
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش