0
Monday 1 May 2017 18:39

مزدوروں کے مسائل کے حل کے لئے سندھ حکومت کوشاں ہے، سید ناصر حسین شاہ

مزدوروں کے مسائل کے حل کے لئے سندھ حکومت کوشاں ہے، سید ناصر حسین شاہ
اسلام ٹائمز۔ سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ و مذہبی امور سید ناصر حسین شاہ نے کہاہے کہ مزدوروں کے مسائل کے حل کے لئے سندھ حکومت کوشاں ہے، ہم آج کے دن جہاں شکاگو کے مزدوروں کو یاد کررہے ہیں وہیں بلدیہ فیکٹری کے مزدوروں کو بھی یاد کرنا چاہیئے، مزدوروں کو پاکستان پیپلز پارٹی نے حقوق دلائے، ذوالفقار علی بھٹو نے مزدوروں کے حقوق کی جدوجہد کا آغاز کیا، موجودہ حکمرانوں نے کراچی حیدرآباد اور حیدرآباد میرپورخاص ٹرینیں بند کردی ہیں، اگر ان ٹرینوں کو نہیں چلا سکتے تو یہ ٹرینیں ہم چلانے کے لئے تیار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے ورکرز یونین اوپن لائن کے تحت یوم مئی کے حوالے سے ریلوے ورکشاپ کینٹ اسٹیشن پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے ریلوے ورکرز یونین اوپن لائن کے چیئرمین منظور رضی، سیکرٹری جنرل نسیم راؤ سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی ریلوے مزدوروں سے خطاب کیا۔ تقریب میں حبیب جالب کے صاحبزادے ناصر جالب نے بھی شرکت کی۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ مزدوروں کے خلاف مافیا سرگرم رہتا ہے، تمام مشکلات کے باوجود مزدوروں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے ورکرز کے کسی بھی نوعیت کے مسائل حل کریں گے۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ریلوے کے مزدوروں کے ریفرنڈم کی آواز اٹھائیں گے، ہم ووٹوں کے لئے نہیں بلکہ دل سے مزدوروں کے ساتھ ہیں، پیپلز پارٹی ہی واحد جماعت ہے جو مزدوروں اور کسانوں کی جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کتنی ستم ضریفی ہے کہ جمہوریت کے دور میں ریلوے میں ٹریڈ یونین پر پابندی ہے، ان مزدوروں نے آمریت کے خلاف آواز بلند کی تھی، آج بھی ریلوے اسٹیشن روہڑی پر ریلوے کے 7 مزدوروں کی قبریں گواہ ہیں، ان مزدوروں نے ایوب خان کی آمریت کے خلاف ٹرین کے سامنے لیٹ کر اپنی جانیں دی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے اسپتال کے لئے خواجہ سعد رفیق نے کچھ نہیں کیا۔ اس موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ نے ریلوے حسن اسپتال کے لئے ایمبولینس عطیہ کرنے کا اعلان بھی کیا۔
خبر کا کوڈ : 632550
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش