0
Tuesday 5 Apr 2011 13:48

فضل الرحمن سے لیاقت بلوچ کی ملاقات، موت سے ڈرنے والا نہیں، ملک کی بقا کے لئے ہر محاذ پر لڑونگا، فضل الرحمٰن

فضل الرحمن سے لیاقت بلوچ کی ملاقات، موت سے ڈرنے والا نہیں، ملک کی بقا کے لئے ہر محاذ پر لڑونگا، فضل الرحمٰن
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے وفد کے ہمراہ طویل ملاقات کی اور قاتلانہ حملوں کے خلاف ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماﺅں کے درمیان ملاقات میں ملک کی سیاسی صورت حال، امریکی مداخلت کے خلاف جاری مہم مستقبل میں دینی قوتوں کے درمیان ممکنہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مولانا فضل الرحمان نے صوابی اور چارسدہ میں ہو نے والے حملوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں گذشتہ روز مولانا فضل الرحمان سے مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما سینیٹر راجہ ظفر الحق، سابق گورنر بلوچستان و رکن قومی اسمبلی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ، بلوچستان اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سردار یار محمد رند نے بھی ملاقاتیں کیں اور مولانا فضل الرحمن سے ان کی خیریت دریافت کی۔ مولانا فضل الرحمان نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ کو زیر استعمال وہ گاڑی بھی دکھائی جس پر حملہ کیا گیا تھا۔ 
ادھر جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ اور قومی اسمبلی کی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ موت سے ڈرنے والا نہیں، اسلام کی سربلندی اور ملک کی بقا کے لئے ہر محاذ پر لڑونگا۔ اسکے لئے جان کی قربانی کوئی معنی نہیں رکھتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر جے یو آئی کے مرکزی راھنما حاجی محمد ادریس کی قیادت میں کراچی سے آنے والے وفد سے ملاقات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بلوچستان کے سینئر وزیر مولانا عبد الواسع، وزیر صحت عین اللہ شمس، وزیر بلدیات حاجی نواز خان، قاری روح الامین اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ جاری تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ سامراجی قوتوں کے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہیگی۔ حملوں سے گھبرانے والا نہیں، موت اور زندگی اللہ تعالی کے ہاتھوں میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اپنی جان کی پروا نہیں لیکن دھماکوں سے بے گناہ لوگوں کی شہادت قابل برداشت نہیں۔ خون کے پیاسے ادارے بے گناہوں کا قتل عام بند کرائیں، بصورت دیگر پوری قوم شدید احتجاج پر مجبور ہو گی۔ انہوں نےکہا کہ وقت آگیا ہےکہ حکمرانوں کے اسلام اور ملک دشمن پالیسیوں کا سد باب کیا جائے۔ عوامی بیداری کے لئے جمعیت علمائے اسلام گھر گھر جائیگی اور حکمرانوں کی اسلام دشمن پالیسیوں کے خلاف رائے عامہ کو ہموار کرے گی۔۔
انہوں نے کہا کہ اسلام کے عادلانہ نظام کے نفاذ میں رکاوٹ ڈالنے والی ہر قوت کی ڈٹ کر مخالفت کرونگا اور اس کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرونگا۔ ایک سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مجھ پر حملہ کرنے والی کونسی قوت ہے، یہ کہنا قبل از وقت ہے، اس حوالے سے کسی قسم کی کوئی دھمکی نہیں ملی۔ انہوں نے کہا کہ پورا ملک دھشت گردی کی لپیٹ میں ہے، حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آ رہی۔ حکمران قومی مسائل کے حل کرنے کی بجائے اپنی عیاشیوں میں مصروف ہیں۔
خبر کا کوڈ : 63271
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش