0
Monday 8 May 2017 16:19

دشمن کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینگے، میجر جنرل محمد حسین باقری

دشمن کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینگے، میجر جنرل محمد حسین باقری
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد حسین باقری نے کہا ہے کہ دشمن کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل محمد حسین باقری نے پیر کے روز تہران میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایران اسلامی کے دشمنوں کو اچھی طرح معلوم ہے کہ ایران پر حملے اور جارحیت کا امکان دشوار اور ناممکن ہے۔ ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے کہا کہ دشمنوں کو یہ بات اچھی طرح ذہن نشین کا کر لینی چاہیے کہ اگر انہوں نے ایران کے سلسلے میں اپنے اندازوں میں معمولی سی بھی غلطی کا ارتکاب کیا اور ایران پر جارحیت کی کوشش کی تو تہران پوری قوت کے ساتھ اس کا جواب دے گا۔ انہوں نے ایران پاکستان سرحد پر رونما ہونے والے دہشت گردی کے حالیہ واقعے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ایران کی مشرقی سرحدیں، سعودی عرب اور امریکہ کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں اور تربیتی مراکز میں تبدیل ہوگئی ہیں۔ انہوں نے پاکستانی عوام اور حکام کے ایران اور ایرانی قیادت کے ساتھ قلبی لگاؤ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تہران کو توقع ہے حکومت اسلام آباد سرحدی سکیورٹی کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے دہشت گردوں کو گرفتار اور ان کے ٹھکانوں کو ختم کرے گی۔ ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے کہا کہ ہم اپنی سرحدوں پر بدامنی کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔

دیگر ذرائع کے مطابق ایران نے ڈھکے چھپے الفاظ میں پاکستان کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد جہاں بھی موجود ہوں گے، ایرانی فوج انہیں نشانہ بنائے گی۔ امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق ایران کے سرکاری ٹی وی نے ایرانی فوج کے چیف آف اسٹاف جنرل محمد حسین باقری نے کہا کہ جہاں بھی دہشت گرد موجود ہوں گے ایرانی فوجی وہاں حملہ کریں گے۔ اے پی کے مطابق ان کا اشارہ پاکستان کی جانب تھا، کیونکہ 26 اپریل کو پاکستان کے ساتھ متصل ایرانی صوبے سیستان و بلوچستان میں حملے کے نتیجے میں 10 ایرانی گارڈز ہلاک ہوگئے تھے۔ اس حملے کے بعد ایران اور پاکستان نے بارڈر سکیورٹی کو مزید موثر بنانے پر اتفاق کیا تھا، تاہم اب ایرانی فوج کے سربراہ کا یہ بیان سامنے آگیا ہے۔ واضح رہے کہ ایرانی عسکریت پسند گروپ جیش العدل نے مذکورہ حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ جنرل حسین باقری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو اپنی سرزمین پر دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو ختم کرنا چاہیے، تاہم اگر حملے جاری رہے تو دہشت گردوں کی ان پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا جائے گا اور انہیں تباہ کر دیا جائے گا، چاہے وہ کہیں بھی ہوں۔
خبر کا کوڈ : 634881
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش