0
Tuesday 23 May 2017 15:20

بحرین، بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسٰی قاسم کے گھر پر سکیورٹی فورسز کا حملہ

بحرین، بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسٰی قاسم کے گھر پر سکیورٹی فورسز کا حملہ
اسلام ٹائمز۔ بحرین کی آل خلیفہ حکومت کی فوج اور سکیورٹی اہلکاروں نے منامہ کے علاقے الدراز میں مظاہرین پر حملہ کرکے متعدد شہریوں کو شہید اور زخمی کر دیا جبکہ آیت اللہ شیخ عیسٰی قاسم کو ان کو گھر میں نظر بند کر دیا ہے۔ منامہ کے علاقے الدراز کے باشندوں کا کہنا ہے کہ آل خلیفہ حکومت کے کارندوں نے آیت اللہ شیخ عیسٰی قاسم کے گھر پر حملہ کرنے کے ساتھ ساتھ پرامن مظاہرین پر بھی حملہ کیا ہے۔ الدراز میں عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ آل خلیفہ حکومت کے کارندوں نے شیخ عیسٰی قاسم کے گھر کے گیٹ کو گرا دیا ہے اور ان کے گھر پر حملہ کرنے سے  پہلے وہاں موجود ان کے حامیوں پر حملہ کر دیا، جس میں متعدد بحرینی شہری شہید اور زخمی ہوگئے ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ زخمیوں میں کئی ایک کی حالت نازک ہے اور سکیورٹی اہلکار ایمبولینسوں کو بھی وہاں جانے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ الدراز میں صورتحال اس وقت انتہائی کشیدہ ہے۔ بحرین کی سکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے کم سے کم ایک سو پچاس بحرینی شہریوں کو بھی گرفتار کر لیا ہے اور بڑی تعداد میں سکیورٹی فورس کے اہلکار آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے باہر تعینات ہوگئے ہیں۔ پچھلے اتوار کو بحرین کی ایک نمائشی عدالت نے آیت اللہ شیخ عیسٰی قاسم کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی، جس کے بعد عوامی مظاہروں میں زبردست شدت آگئی ہے۔ گذشتہ جون میں آیت اللہ شیخ عیسٰی قاسم کی شہریت منسوخ کر دیئے جانے کے بعد سے بڑی تعداد میں بحرینی شہری الدراز میں ان کے گھر کے باہر ان کی حمایت میں دھرنے پر بیٹھے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب بحرین کی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ سکیورٹی فورس نے آیت اللہ شیخ عیسٰی قاسم کے گھر پر حملہ کرکے انہیں ان کے گھر میں نظر بند کر دیا ہے۔ ادھر بحرین کے انسانی حقوق کے مرکز کے سربراہ باقر درویش نے المیادین ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ الدراز سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں رونما ہونے والی صورتحال کی ذمہ داری براہ راست بحرینی حکام، امریکہ، برطانیہ، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات پر عائد ہوتی ہے۔ ادھر لبنان کے مسلمان علماء کی تنظیم نے بیروت میں ایک پریس کانفرنس میں بحرینی عوام سے کہا ہے کہ وہ آیت اللہ شیخ عیسٰی قاسم کی حمایت میں سڑکوں پر نکلیں۔ بحرین کے مسلمان علماء کی تنظیم نے بحرین میں آل خلیفہ حکومت کے ظالمانہ اقدامات اور عوام پر ڈھائے جا رہے مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی کی مذمت کی اور آیت اللہ شیخ عیسٰی قاسم سے اپنی یکجہتی پر تاکید کرتے ہوئے ان کا دفاع کرنے کا اعلان کیا۔ بحرین میں فروری دو ہزار گیارہ سے آل خلیفہ حکومت کے خلاف عوام کے پرامن مظاہرے جاری ہیں۔ بحرینی عوام اپنے ملک میں جمہوریت اور آزادی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 639835
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش