0
Thursday 25 May 2017 18:36

ماہ رمضان کے دوران ملک بھر میں فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے، ایم ڈبلیو ایم

ماہ رمضان کے دوران ملک بھر میں فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے، ایم ڈبلیو ایم
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سید علی احمر زیدی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران پورے ملک میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور واپڈا حکام کو لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا پابند کیا جائے، شدید گرمی میں بجلی کی بندش عوام کیلئے سخت اذیت کا باعث ہے، رمضان کے مقدس ماہ میں عوام کو اس اذیت سے دور رکھا جائے۔ سولجر بازار کراچی میں وحدت میڈیا سیل سندھ کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے علی احمر نے کہا کہ رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے، ماہ صیام تذکیہ نفس کیلئے اللہ تعالیٰ کی طرف سے خصوصی انعام ہے، محض جسمانی عبادات سے اس ماہ کی برکتوں کو مکمل طور پر نہیں سمیٹا جا سکتا، بلکہ یہ مقدس مہینہ آپس کے معاملات میں صبر و تحمل، رواداری، اخوت، عجز و انکساری کا بھی تقاضہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزہ جسمانی مشقت کا نام نہیں ہے، بلکہ نفس کی تربیت کا ایک بہترین ذریعہ ہے، یہ ہمیں تمام اخلاقی و جسمانی برائیوں سے دور کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کی مناسبت سے دعائیہ محافل اور دیگر تقریبات میں وطن عزیز کے استحکام و ترقی کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں۔

علی احمر نے کہا کہ ماہ رمضان کے دوران انتظامیہ گراں فروشوں پر بھی کڑی نظر رکھے، تاکہ عام آدمی اشیائے خوردونوش کے حصول میں دشواری سے بچ سکے، ناجائز منافع خوروں کیلئے فوری طور پر کڑی سزاؤں کو موقع پر ہی تعین کیا جائے، تو عام گزر بسر کرنے والے افراد کو اس ماہ میں جن مشکلات کا سامنا رہتا ہے، اس میں یقینی طور پر کمی واقع ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے ذمہ دار اداروں کو ملک دشمن عناصر پر بھی گہری نظر رکھنا ہوگی، تاکہ وہ شرپسندانہ عزائم میں کامیاب نہ ہو سکیں، مساجد، امام بارگاہوں سمیت تمام مقدس مقامات اور عبادت گاہوں کی حفاظت ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، اس سلسلہ میں ذرا بھر غفلت کا مظاہرہ نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماہ رمضان کے دوران ملک بھر میں فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے غیر معمولی اقدامات انتہائی ضروری ہیں۔
خبر کا کوڈ : 640403
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش