0
Friday 26 May 2017 18:16

سندھ کے نئے مالی سال 2017-18 کا بجٹ 2 جون کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ پیش کریں گے

سندھ کے نئے مالی سال 2017-18 کا بجٹ 2 جون کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ پیش کریں گے
اسلام ٹائمز۔ سندھ کے نئے مالی سال 2017-18 کا بجٹ 2 جون بروز جمعرات وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سندھ اسمبلی میں پیش کریں گے۔ بجٹ میں 40 ہزار سے زائد نئی ملازمتوں کا اعلان کیا جائے گا۔ بجٹ میں نجی اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کی اجرت 13 ہزار سے بڑھا کر 14 ہزار کرنے کی تجویز شامل ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بجٹ کی منظوری کے لئے صوبائی کابینہ کا اجلاس 2 جون کو صبح 10 بجے طلب کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت سندھ نے مالی سال 2017۔18 کی بجٹ تجاویز تیار کرلی ہیں، گذشتہ سال کے مقابلے میں نئے مالی سال کے بجٹ میں گذشتہ برس کے مقابلے میں سترہ سے چھبیس فیصد اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نئے مالی سال کا پونے نو کھرب روپے پر مشتمل بجٹ جون دو ہزار سترہ کے پہلے عشرے میں پیش کئے جانے کا امکان ہے۔ حکومت سندھ کی بجٹ تجاویز میں مجموعی آمدن کا تخمینہ 730 ارب روپے لگایا ہے جبکہ وفاق سے آمدن کا تخمینہ 615 ارب روپے لگایا گیا ہے جبکہ صوبائی محصولات کا ہدف 178 ارب روپے ہوگا، بجٹ میں پراپرٹی ٹیکس نیٹ بڑھانے اور پرانی شرح میں ایک فیصد اضافے، ایکسائز، موٹر وہیکل ٹیکس کی شرح میں بھی اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔ بجٹ تجاویز میں بے زمین ہاریوں، خواتین میں مفت زمین کی تقسیم کا منصوبہ اور ہیلتھ انشورنس اسکیم، زرعی سبسڈی، خواتین قرضہ اسکیم شامل ہوگی۔ حکومت سندھ کے غیر ترقیاتی مصارف میں 18 فیصد اضافے کا تخمینہ ہے۔ نئے مالی سال کے بجٹ میں تنخواہوں، پنشن، نان سیلری اخراجات کی مد میں 616 ارب روپے مختص کرنے اور مجموعی ترقیاتی بجٹ 17 فیصد اضافے سے 278 ارب روپے کرنے اور صحت کا بجٹ 8 فیصد اضافے کے ساتھ 69 ارب روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ اور پولیس کا مجموعی بجٹ 75 ارب روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ریونیو بورڈ کو 70 سے 80 ارب روپے کی وصولیوں کا ہدف دیا جائے گا۔ نئے مالی سال کے بجٹ میں سماجی بہبود، خصوصی تعلیم، اسپورٹس، اقلیتی امور کے بجٹ میں ساڑھے 65 فیصد اضافہ ہوگا، جبکہ اقلیتوں کی امداد کے لئے بجٹ میں 200 فیصد اضافہ کرکے پانچ کروڑ کردیا گیا ہے۔ تعلیم کے بجٹ میں گذشتہ سال کی نسبت 10 فیصد اضافے کی تجویز ہے، جبکہ تعلیم کے بجٹ میں اسکولوں کے لئے 4.80 بلین روپے رکھے جائیں گے۔ علاوہ ازیں ایس 3 اور کے 4 منصوبہ کے لیے بھی بجٹ میں رقم مختص کی جائے گی۔ نئے مالی سال کے بجٹ میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے 240 ارب روپے، ترقیاتی بجٹ میں اضلاع کے لیے 25 ارب روپے مختص کرنے جبکہ بلدیات کے لیے نئے بجٹ میں 50 ارب روپے کی رقم مختص کرنے کی تجویز ہے۔ نئے مالی سال میں سندھ حکومت 50 ہزار ملازمتیں فراہم کرنے کا اعلان کرے گی، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں دس سے پندرہ فیصد اضافے اور خواتین کی ترقی کے لئے مختص رقم میں 175 فیصد اضافے کا اعلان متوقع ہے۔ اس ضمن میں وزیراعلیٰ سندھ نے بجٹ کی منظوری کے لیے صوبائی کابینہ کا اجلاس 2 جون کو صبح 10 بجے طلب کرلیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 640620
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش