0
Thursday 15 Jun 2017 16:18

وزیراعظم جے آئی ٹی کے روبرو پیش، تین گھنٹے تک پوچھ گچھ

وزیراعظم جے آئی ٹی کے روبرو پیش، تین گھنٹے تک پوچھ گچھ
اسلام ٹائمز۔ پاناما معاملے کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے وزیراعظم نوازشریف سے 3 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف پاناما پیپرز کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے۔ جے آئی ٹی نے انہیں بطور گواہ طلب کیا تھا اور وہ اپنے ہمراہ متعلقہ ریکارڈ اور دستاویزات ساتھ لائے۔ پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قانون کی سربلندی کیلیے آج کا دن سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، میری حکومت اور خاندان نے خود کو احتساب کے لیے پیش کیا ہے، اثاثوں کی دستاویزات پہلے ہی متعلقہ اداروں کے پاس ہیں لیکن آج دوبارہ سے دستاویزات جے آئی ٹی کو دے دی ہیں۔ میری پیشکش کو سیاسی تماشوں کی نذر نہ کیا جاتا تو آج تک یہ مسئلہ حل ہو چکا ہوتا۔ وزیراعظم سے جے آئی ٹی نے جدہ اسٹیل، گلف اسٹیل، حدیبیہ پیپر ملز اور اس سے متعلق اسحاق ڈار کےبیان حلفی، وزیر اعظم اور ان کے بچوں کے درمیان رقوم کے لین دین اور ان کی رسیدوں کے علاوہ لندن میں جائیداد کی خریداری سے متعلق سوالات پوچھے۔
جوڈیشل اکیڈمی روانہ ہونے سے قبل وزیراعظم نواز شریف سے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملاقات کی۔ اس موقع پر جے آئی ٹی کے سامنے پیشی سے متعلق مشاورت کی گئی۔

وزیر اعظم کی جوڈیشل کمیشن آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے، جوڈیشل اکیڈمی کے اطراف 500 میٹر تک غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند کر دیا گیا تھا۔ گارڈن فلائی اوور اور الشفاء اسپتال سے جوڈیشل اکیڈمی جانے والی سڑکیں بند کرکے شہریوں کو میر ظفر اللہ جمالی اور صاحبزادہ عبدالقیوم روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم ہاؤس سے جوڈیشل اکیڈمی اور اس کے اطراف 2 ہزار 500 سیکیورٹی اہلکار تعینات تھے۔ وزیراعظم کی پیشی کے دوران عابد شیر علی، حنیف عباسی، خواجہ آصف اور اسحاق ڈار نے جودیشل اکیڈمی جانے کی بھی کوشش کی، اس موقع پر کارکنوں نے ’’شیر آیا ، شیر آیا‘‘ کے نعرے لگائے تاہم پولیس نے انہیں آگے جانے نہیں دیا جس پر وہ اپنی اپنی گاڑیوں میں سوار ہوکر واپس چلے گئے۔ واضح رہے کہ پاناما پیپرکیس کی تفتیش کرنے والی جے آئی ٹی کے روبرو وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نواز 5 جب کہ حسن نواز 2 مرتبہ پیش ہوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ جے آئی ٹی نے شہباز شریف، وزیر اعظم کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر، اسحاق ڈار اور پیپلز پارٹی کے رہنما رحمان ملک کو طلبی کے سمن بھی جاری کر رکھے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 646198
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش