0
Monday 11 Apr 2011 20:39

فرانس میں برقعہ پر پابندی اسلام کا پھیلاﺅ روکنے کی سازش ہے، منور حسن

فرانس میں برقعہ پر پابندی اسلام کا پھیلاﺅ روکنے کی سازش ہے، منور حسن
لاہور:اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے فرانس میں برقعہ پر پابندی، زبردستی خواتین کے نقاب اتارنے اور انہیں قید کرنے کے فرانسیسی حکومت کے احکامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بدترین ریاستی دہشت گردی اور مسلمانوں کے خلاف امتیازی قوانین کے ذریعے اسلام کے پھیلاﺅ کو روکنے کی جبری کوششوں کا حصہ قرار دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں سید منور حسن نے کہا کہ اسلام اور مسلمانوں پر انتہاپسندی اور دہشت گردی کا الزام لگانے والوں کا متعصب رویہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے۔ انسانی حقوق کے تحفظ، مذہبی آزادی کے دعویداروں نے مسلمانوں سے ان کی شخصی آزادی کا حق چھین کر اسلام دشمنی کا شرمناک مظاہرہ کیا ہے، جس سے یورپ میں مسلمانوں پر ہونے والے ظلم و تشدد کے واقعات میں اضافہ ہو گا۔ سید منور حسن نے کہا کہ اس سے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور تہذیبوں کے درمیان تصادم کو روکنے کی کوششوں کو شدید دھچکا لگے گا اور انتہا پسندی بڑھے گی۔
انہوں نے کہا کہ پورا مغرب ایک طرف تو نائن الیون کے بعد سے توہین رسالت اور قرآن پاک کی پامالی کی سرپرستی کر رہا ہے جبکہ دوسری طرف مسلمانوں سے ان کی مذہبی آزادی کا حق چھین کر انہیں عبادات کی ادائیگی سے روکنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغرب میں اسلام کی بڑھتی ہوئی مقبولیت نے متعصب حکمرانوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں اور وہ ہر قیمت پر اسلام کے پھیلاﺅ کو روکنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا متعصبانہ رویہ اسلام کے بڑھتے ہوئے قدموں کو روکنے میں کامیاب نہیں ہو گا بلکہ ان کی اسلام مخالف سازشیں بری طرح ناکام ہوں گی اور وہ امن و سکون کے متلاشی لوگوں کو اسلام قبول کرنے سے روکنے میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام اور پیغمبر اسلام کی توہین اور قرآن پاک کو نذر آتش کرنے کے شرانگیز واقعات سے اسلام قبول کرنے والوں کی تعداد میں کمی آنے کی بجائے اضافہ ہوا ہے، جس سے مغرب تلملا اٹھا ہے۔
خبر کا کوڈ : 64650
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش