0
Saturday 24 Jun 2017 22:02

آپریشن ردالفساد کو دہشتگردوں کیخلاف مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے، ثروت اعجاز قادری

آپریشن ردالفساد کو دہشتگردوں کیخلاف مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ حالیہ دہشتگردی کی لہر میں اسلام و ملک دشمن ہاتھ ملوث ہیں، بھارت دہشتگردوں کی پشت پناہی کر رہاہے، افغانستان میں دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہیں موجود ہیں، کراچی، کوئٹہ، پاراچنار میں دہشتگردی کی شدید مذمت کرتے ہیں، حکومت دہشتگردوں سے انہی کی زبان میں نمٹے، دہشتگردوں کا مقابلہ آخری سانس تک کرینگے، دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے قوم کے حوصلوں کو متاثر نہیں کر سکتے، پاکستان سے دہشتگردی کا مکمل قلع قمع کرکے دم لیں گے، ملک میں دہشتگردی کرنے والوں کو عبرت کا نشان بنانا ہوگا، ملک کے امن کو خراب کرنے والے بیرونی ایجنڈے پر گامزن ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی، کوئٹہ، پاراچنار میں دہشتگردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ شہیدوں کا لہو رائیگاں جانے نہیں دینگے، شہیدوں کا لہو دہشتگردوں کو نیست و نابود کر دے گا، پوری قوم دہشتگردی کے خاتمے کیلئے متحد و منظم اور پُرعزم ہے، دہشتگردی سے متاثر خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ آپریشن ردالفساد کو دہشتگردوں کیخلاف مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے، دہشتگرد کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں کی نقل و حمل کی روک تھام کیلئے تمام تر اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی نے پاکستان کو شدید جانی اور ناقابل تلافی معاشی نقصانات سے دوچار کیا ہے، بھارت اور دہشتگردوں کی پشت پناہی کرنیوالے اسلام و ملک دشمن قوتیں پاکستان میں فرقہ واریت کو فروغ دیکر انتشار پھیلانا چاہتی ہیں، فرقہ واریت پھیلانے والوں کے خلاف حکومت کو سخت اقدامات کرنے ہونگے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام دہشتگردی سے مکمل نجات چاہتے ہیں، تاکہ پاکستان تیزی سے ترقی کی منازل طے کر سکے، ملک دشمن قوتیں دہشتگردی کے ذریعے ملک کی ترقی میں رکاوٹ ڈال رہی ہیں، پاکستان کے عوام اسلام و ملک دشمن قوتوں کی سازشوں کو سمجھ چکے ہیں، عوام ان کے ناپاک عزائم کو شعور سے ناکام بنا دینگے۔
خبر کا کوڈ : 648652
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش