0
Wednesday 5 Jul 2017 09:27
مذہبی انتہا پسندی اور جہاد کی پرائیویٹائزیشن کیخلاف جنگ کرنا ہوگی

ایسا پاکستان بنائیں گے جہاں مذہبی انتہا پسندی، عسکریت پسندی اور فرقہ بندی کی کوئی جگہ نہیں ہوگی، آصف زرداری

ایسا پاکستان بنائیں گے جہاں مذہبی انتہا پسندی، عسکریت پسندی اور فرقہ بندی کی کوئی جگہ نہیں ہوگی، آصف زرداری
اسلام ٹائمز۔ سابق صدرِ پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے کو چیئرمین آصف علی زرداری نے آج 5 جولائی کو یومِ سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ وہ دن تھا جب آج سے 40 سال قبل ایک فوجی ڈکٹیٹرنے قوم کو ہائی جیک کر لیا تھا اور اس نے اداروں کو ایک ایک کرکے تباہ کرنا شروع کر دیا تھا، جہاد کو پرائیویٹائز کیا اور مذہب کے نام پر عورتوں اور غیر مسلموں کیخلاف کالے قوانین لاگو کرنے شروع کردیئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ دن تھا جب قوم کا تنزلی کی طرف سفر کی ابتداء ہوئی اور یہ قومی اجتماعی گراوٹ اور افراتفری آج تک مذہب کے نام پر جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی کی بات ہے کہ جہاد کو پرائیویٹ کرنے سے اور مذہب کو اپنے سیاسی فائدوں کیلئے استعمال کرنے کی تباہ کن پالیسی آج تک جاری ہے، ان تباہ کن پالیسیوں کے مضمرات سمجھنے کی جتنی آج ضرورت ہے پہلے کبھی نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ آئیں آج عہد کریں کہ ان پالیسیوں کو بدلیں گے، مذہبی انتہا پسندی کی سوچ اور جہاد کی پرائیویٹائزیشن اور ڈکٹیٹر کی جانب سے پھیلائی گئی فرقہ پرستی کی لعنت کیخلاف لڑیں گے، آج کے روز ہم عہد کرتے ہیں کہ پاکستان ایک جمہوری، کثیرالجہتی اور ایک میانہ رو ملک بنے گا جہاں مذہبی انتہا پسندی، عسکریت پسندی اور فرقہ بندی کی کوئی جگہ نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم یہ عہد بھی کریں کہ ڈکٹیٹروں اور عوام کے حقوق اور آزادیوں کو غصب کرنیوالوں کو ضرور سزا دلوائیں گے۔ آصف علی زرداری نے جمہوریت کے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری قومی تاریخ کے سیاہ دنوں میں انھوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، آج ہم ان لوگوں کو بھی یاد کرتے ہیں جنھوں نے دہشتگردی کی سوچ سے لڑتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں اور مصائب جھیلے۔
خبر کا کوڈ : 650895
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش