0
Wednesday 5 Jul 2017 22:22

موجودہ حکومت کی طرح پنکچروں والی جمہوریت سے کوئی بھی ریاست ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتی، ریاض پیرزادہ

موجودہ حکومت کی طرح پنکچروں والی جمہوریت سے کوئی بھی ریاست ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتی، ریاض پیرزادہ
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض پیرزادہ نے اپنی ہی حکومت کو اداروں کے ایما پر بننے والی حکومت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی ریاست پنکچروں والی جمہوریت سے ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتی۔ ریاض پیرزادہ کا ٹی وی چینل کو انٹرویو میں کہنا تھا کہ سیاست کے میدان میں اداروں کا کردار گزشتہ 50 سال سے جاری ہے، میں عہدوں کا لالچی ہوں نہ ہی ایک پائی کی کرپشن کا کوئی الزام ہے، مگر ربڑ پارلیمنٹ سے مطمئن نہیں، اگر آئندہ الیکشن بھی پنکچر الیکشن ہوا، تو ایسی پارلیمنٹ میں بیٹھنے سے گریز کرونگا۔ انہوں نے کہا ہم عوام سے ووٹ لیتے ہیں، مگر منتخب کوئی اور ہوتا ہے، عوامی نمائندے اپنی پالیسیاں بناتے ہیں تو عمل درآمد کچھ اور پالیسیوں پرکیا جاتا ہے، اداروں کی جانب سے حکومتی معاملات اور خارجہ پالیسیوں میں عمل دخل کوئی نئی بات نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف نعرہ عوامی نعرہ بن چکا ہے، حکومت کو سوچ سمجھ کر ہرقدم اٹھانا ہوگا کیونکہ عوامی ہمدردیاں ہمیشہ حکومتی جماعت کیخلاف ہوتی ہیں، موجودہ دور میں پارلیمانی سیاست نہیں رہی، مگر اس معاملے میں شیخ رشید کا کردار قابل تحسین ہے، انہوں نے آج تک سپیکر قومی اسمبلی کے ڈائس کا گھیرائو نہیں کیا نہ ہی کبھی پارلیمنٹ میں اخلاقیات سے ہٹ کر رویہ اختیار کیا۔ انہوں نے کہا میں اپنی وزارت کے معاملات میں دخل اندازی برداشت نہیں کرسکتا اسٹیبلشمنٹ کو اپنے دائرہ اختیار سے باہر نہیں نکلنا چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 651114
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش