0
Wednesday 26 Jul 2017 10:34

لاہور حملہ، ٹی ٹی پی کا نیا گروپ ذمہ دار

لاہور حملہ، ٹی ٹی پی کا نیا گروپ ذمہ دار
اسلام ٹائمز۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے انکشاف کیا ہے کہ لاہور حملے کا ذمہ دار ایک نیا گروپ ہے، جو پاکستان تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) سے ہی تعلق رکھتا ہے۔ ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا ہے کہ لاہور میں ارفا کریم آئی ٹی ٹاور کے قریب ہونے والا بم دھماکا طالبان اسپیشل گروپ (ٹی ایس جی) کی جانب سے کیا گیا ہے، جن کے پاس اعلیٰ ٹریننگ یافتہ خودکش بمبار موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہونے والے حملوں کی ذمہ داری ٹی ٹی پی سے علیحدگی اختیار کرنے والے گروپ جماعت الحرار نے کی۔ مذکورہ گروپ کی جانب سے متعدد شہریوں، اقلیتی مذہبی مقامات، فوجی اہلکاروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو نشانہ بنانے پر گذشتہ سال امریکا نے جماعت الحرار کو عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کر دیا تھا۔ پولیس افسر کا کہنا تھا کہ ابھرتے ہوئے ٹی ایس جی نے قانون نافذ کرنے والے اداروں میں تشویش پیدا کر دی ہے، جسے وہ ایک نئے چلینج کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹی ایس جی کمانڈوز کو بڑے اور مہلک حملوں کے لیے تربیت دی گئی ہے۔

اس سے قبل سامنے آنے والے رپورٹ کے متصادم پولیس افسر کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ دھماکا موٹر سائیکل کے ذریعے سے نہیں کیا گیا، پولیس افسر نے زور دیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دھماکے میں تباہ ہونے والی تمام موٹر سائیکلوں کے رجسٹریشن کی جانچ کی، جس سے معلوم ہوا کہ وہ متاثرہ افراد کی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بات کا امکان موجود ہے کہ خودکش حملہ آور کو اس کے سہولت کار مذکورہ مقام پر کسی رکشہ یا دیگر گاڑی پر لے کر آئے ہوں۔ پولیس افسر نے بتایا کہ حملے کے وقت دھماکے کے مقام سے قریب موجود ایک سی سی ٹی وی کیمرہ کام نہیں کر رہا تھا جس کی وجہ سے خود کش بمبار کے سہولت کاروں کی نشاندہی ممکن نہیں تاہم خودکش بمبار کے اعضا کو فرانزک کے لیے لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ پیر کو ہونے والے خودکش دھماکے میں 9 پولیس اہلکاروں سمیت 26 افراد ہلاک ہوئے تھے، واقعے میں 54 افراد زخمی ہوئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 656272
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش