0
Tuesday 8 Aug 2017 16:58

سی ٹی ڈی کا لاہور کو بڑی تباہی سے بچانے کا دعوٰی، 4 دہشتگرد ہلاک

سی ٹی ڈی کا لاہور کو بڑی تباہی سے بچانے کا دعوٰی، 4 دہشتگرد ہلاک
اسلام ٹائمز۔ پنجاب پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے لاہور کو بڑی تباہی سے بچانے کا دعوٰی کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے مقابلے میں 4 مبینہ دہشتگرد ہلاک کردیئے۔  سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق گذشتہ رات شیخوپورہ سے آئے دہشتگردوں نے سگیاں پل پر موجود پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا، جس کی اطلاع ملتے ہی سی ٹی ڈی ٹیم موقع پر پہنچی اور دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا۔  انہوں نے بتایا کہ سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 4 مبینہ دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر ان کے دیگر 3 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔  ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے مبینہ دہشتگردوں کی شناخت کے عمل کا آغاز کردیا گیا ہے۔  سی ٹی ڈی حکام کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کا ہدف پولیس اہلکار تھے، ان سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔  ترجمان نے مزید بتایا کہ واقعے کی تفتیش اور فرار ہونے والے دہشتگردوں کی تلاش کے لئے چھاپوں کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے۔
 
یاد رہے کہ گذشتہ روز لاہور کے آؤٹ فال روڈ پر دھماکے کے نتیجے میں 46 افراد زخمی ہوگئے تھے۔  اس سے قبل بھی پنجاب میں گذشتہ کچھ عرصے کے دوران خفیہ اطلاعات کی بنا پر کی جانے والی کارروائیوں اور کومبنگ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیموں کے متعدد دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔  پنجاب پولیس کے انسداد دہشتگردی ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے گذشتہ سال بھی اپنے متعدد دعوؤں کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت دیگر شہروں میں کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں مبینہ دہشتگردوں کو ہلاک اور گرفتار کیا۔ خیال رہے کہ رواں سال اپریل میں سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے 8 مبینہ دہشتگردوں کو ہلاک کرنے اور ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔  مارچ میں سی ٹی ڈی نے گجرات میں مقابلے کے دوران 5 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے کا دعوٰی کیا تھا۔  رواں سال فروری میں پولیس کے محکمہ سی ٹی ڈی نے پنجاب کے علاقے اندرنالہ شرقپور میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران 7 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے کا دعوٰی کیا اور جنوری میں سی ٹی ڈی نے شیخوپورہ میں کارروائی کے دوران 6 مبینہ دہشتگردوں کو ہلاک کرنے کا دعوٰی کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 659524
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش