0
Tuesday 19 Apr 2011 23:12

سعودیہ،پاکستان سمیت مسلم دنیا کے حکمران جنہیں حجاب کو تحفظ دینا چاہیے وہ سب خاموش ہیں، محمد حسین محنتی

سعودیہ،پاکستان سمیت مسلم دنیا کے حکمران جنہیں حجاب کو تحفظ دینا چاہیے وہ سب خاموش ہیں، محمد حسین محنتی
کراچی:اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ مغرب کھل کر اسلام دشمنی کا مظاہرہ کر رہا ہے، عسکری یلغار کے ساتھ تہذیبی یلغار بھی جاری ہے، فرانس میں حجاب پر پابندی مسلم خواتین کی گرفتاری و جرمانہ اور ان کی تضحیک قابل مذمت ہے، ہم شعائر اسلام کی پاسبانی کریں گے، اقوام متحدہ، او آئی سی اور مسلم حکمران فرانس کو مجبور کریں کہ وہ حجاب پر پابندی کا خاتمہ کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے تحت فرانس میں حجاب پر پابندی کے خلاف منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مظاہرے سے سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی کراچی نسیم صدیقی، نائب امیر نصراللہ خان شجیع و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مظاہرے میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین اور طالبات بڑی تعداد میں شریک تھیں۔
محمدحسین محنتی نے کہا کہ مغرب مسلسل اسلامی تہذیب کو نشانہ بنا رہا ہے، مسجد کے میناروں کو شہید کرنے، توہین رسالت پر مبنی گستاخانہ خاکوں، قرآن کو نذر آتش کرنے کے بعد اب مسلم خواتین کی آبرو کا ضامن حجاب پر پابندی سے مغرب کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے، ایک طرف خواتین کے حقوق کا علمبردار بنا پھرتا ہے تو دوسری طرف باقاعدہ مہم جوئی کرکے مسلم خواتین سے ان کا حجاب چھینا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ شعائر اسلامی کی پاسبانی کی ہے اور کرتے رہیں گے مگر افسوس ناک امر یہ ہے کہ سعودیہ، پاکستان سمیت مسلم دنیا کے حکمران اور او آئی سی جنہیں حجاب کو تحفظ دینا چاہیے وہ سب خاموش ہیں۔ 
انہوں نے کہاکہ اگر 57 اسلامی ممالک فرانس کا بائیکاٹ کریں تو وہ حجاب پر پابندی ختم کرنے پر مجبور ہو جائے گا ورنہ یہ پابندی فرانس سے نکل کر ہالینڈ، بیلجئیم، جرمنی اور پورے یورپ میں پھیل جائے گی۔ انہوں نے اقوام متحدہ، او آئی سی مسلم حکمرانوں اور فرانس کے صدر سرکوزی سے مطالبہ کیا کہ حجاب پر پابندی فوری ختم کی جائے۔ نصراللہ خان شجیع نے کہا کہ عالم اسلام کے تمام حکمران امریکی غلام بن گئے ہیں، جو مکہ کے بجائے واشنگٹن کی جانب سجدہ ریز ہیں، انہوں نے کہا کہ میڈیا اور این جی اوز اس سنگین مسئلے پر خاموش کیوں ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فرانس کے سفیر کو پاکستان سے بے دخل کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 66468
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش