0
Sunday 24 Apr 2011 23:48

سندھ میں کسی نئے صوبے کی ضرورت نہیں،قائم علی شاہ، نئے صوبے کی بحث کا آغاز آصف زرداری نے کیا، پرویز رشید

سندھ میں کسی نئے صوبے کی ضرورت نہیں،قائم علی شاہ، نئے صوبے کی بحث کا آغاز آصف زرداری نے کیا، پرویز رشید
 کراچی:اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں کسی نئے صوبے کی ضرورت نہیں ہے۔ امتیاز شیخ کے گھر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے کراچی کو صوبہ بنانے کے حوالے سے بیان کی مذمت کرتا ہوں۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ سندھ اور پنجاب میں فرق ہے، پنجاب سندھ سے دو،تین گنا بڑا ہے، وہاں مزید صوبے بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی فیڈریشن کی جماعت ہے کسی ایک صوبے کی جماعت نہیں ہے۔ 
ادھر لاہور میں مسلم لیگ نون کے رہنما سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ نئے صوبے بنانے کی بحث کا آغاز سب سے پہلے آصف زرداری نے کیا تھا، قومیت اور لسانیت کی بنیاد پر صوبوں کا مطالبہ کرنے والے اب کیوں تلملا رہے ہیں۔ لاہور سے جاری بیان میں سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ ایم کیو ایم والے سیاسی مفاد کے تحت کہیں علاقوں کو تقسیم اور کہیں اکٹھا کرا دیتے ہیں، ڈکٹیٹر کے دور میں ایم کیو ایم نے خود تاریخی ضلعے، حیدر آباد کو تقسیم کرایا اور کراچی کے تاریخی ضلعوں کو ملا کر ایک ضلع بنایا گیا، پرویز رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے نئے صوبوں کے قیام پر پارٹی اجلاس میں غور کرنے کا اعلان کیا ہے، یہ معاملہ کسی ایک صوبے تک محددو نہیں ہے، اجلاس میں ہر قسم کی تجویز زیربحث آ سکتی ہے۔
ادھر کراچی میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے سندھ میں نئے صوبہ کے قیام سے متعلق بیان کے ردعمل میں ایم کیو ایم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت سندھ کی تقسیم کے خلاف ہے۔ جیو نیوز سے گفتگو میں ایم کیو ایم کے ترجمان قاسم علی رضا کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا سندھ میں نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے بیان عقل سے بالاتر ہے، سندھ خصوصاً کراچی میں صوبے کو تقسیم کرنے کی کوئی تحریک نہیں چل رہی ہے۔ قاسم علی رضا کا کہنا ہے کہ کراچی کی عوام سندھ دھرتی سے محبت کرتی ہے اور اس سرزمین کے باسی ایک ساتھ رہنا چاہتے ہیں۔

خبر کا کوڈ : 67626
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش