0
Monday 23 Oct 2017 23:46

شہباز شریف حدیبیہ کیس میں این آر او کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم مک مکا نہیں ہونے دینگے، عمران خان

شہباز شریف حدیبیہ کیس میں این آر او کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم مک مکا نہیں ہونے دینگے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف حدیبیہ کیس میں این آر او کرنا چاہتے ہیں، تاہم اب نہ تو این آر او کسی کو ملے گا اور نہ ہی ہم کسی صورت مک مکا اور ڈیل ہونے دینگے۔ اندرون سندھ کے شہر سیہون میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ جب یہ وفاق میں تھے تو مل کر ملک کو لوٹ رہے تھے، اب سندھ کو لوٹ رہے ہیں، کسی صوبے کی شاید ہی اتنی بری صورتحال ہو جتنی سندھ کی ہے، شہباز قلندر کے مزار پر حاضری سے روکنے کیلئے بہانا بنایا گیا کہ گارڈز ساتھ ہیں، تاہم ٹی وی فوٹیج دیکھ لیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں کوئی آزادی نہیں ہے، لوگوں کو غلام بنایا ہوا ہے، انتقامی کارروائی کیلئے پولیس کو استعمال اور لوگوں پر تشدد کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی پولیس اگر غیر جانبدار ہو جائے تو یہ یہاں ایک سیٹ نہیں جیت سکتے، جبکہ جو کچھ کل کیا ہے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ انہیں خوف ہے کہ تبدیلی آگئی ہے، یہ سندھ سے ووٹ لیکر دبئی میں لانچوں کے ذریعے باہر پیسہ بھیجتے تھے، جبکہ اس بار پہلی دفعہ سندھ میں پیپلز پارٹی کو شکست ہوگی۔

عمران خان نے کہا کہ آصف زرداری اور ان کی بہن ہر کام میں حصہ لیتی ہیں، زرداری نے بلاول ہاؤس کے قریبی لوگوں کو قتل کرایا ہے، شرجیل میمن کا کیس قوم کے دلوں کی آواز ہے، جبکہ سندھ میں پہلی بار احتساب شروع ہو گیا ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اس بار قوم کسی این آر او کو تسلیم نہیں کرے گی اور اگر اس بار کوئی آین آر او آیا، تو پوری قوم کو میں باہر نکالوں گا، حدیبہ پیپر ملز کا کیس اوپن ہے اور ہمارا مطالبہ ہے کہ سپریم کورٹ میں اس کو فوراً لگایا جائے، شہباز شریف حدیبیہ کیس میں این آر او کرنا چاہتے ہیں، تاہم این آر او اب کسی کو نہیں ملے گا، ہم کسی صورت اب مک مکا اور ڈیل نہیں ہونے دینگے اور کسی قسم کا این آر او تسلیم نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کا مستقبل صرف بانی ایم کیو ایم سے راہیں جدا کرنے میں ہیں، بانی ایم کیو ایم کھل کر سامنے آگئے ہیں، لہٰذا انہیں اپنے آپ کو الطاف حسین سے علیحدہ کرنا چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 678744
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش