0
Friday 10 Nov 2017 14:15

روہڑی بڑی تباہی سے بچ گیا، امام بارگاہ باب کربلا کو نشانہ بنانیوالے 3 دہشتگرد ہلاک

روہڑی بڑی تباہی سے بچ گیا، امام بارگاہ باب کربلا کو نشانہ بنانیوالے 3 دہشتگرد ہلاک
اسلام ٹائمز۔ رینجرز نے چہلم کے موقع پر روہڑی میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ مقابلے کے دوران 3 دہشت گرد موقع پر مارے گئے، جن کے قبضے سے خودکش جیکٹس اور اسلحہ برآمد کیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق پاکستان رینجرز سندھ کو انٹیلی جنس بنیاد پر اطلاعات ملیں کہ کچھ دہشتگرد کراچی اور اندرون سندھ میں چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر دہشتگردی کی کارروائی کرسکتے ہیں۔ ان معلومات کی بنیاد پر کراچی اور اندرون سندھ میں رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے چہلم حضرت امام حسینؓ اور تمام اہم مقامات کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے تمام ممکنہ حفاظتی اقدامات کئے۔ اندرونِ سندھ روہڑی کے علاقے میں امام بارگاہ باب کربلا روہڑی کی طرف جانے والے راستے پر ناکے کو 3 مشکوک افراد نے بائی پاس کرنے کی کوشش کی۔ جب ان مشکوک افراد کو ناکے پر موجود رینجرز کے اہلکاروں نے چیکنگ کے لئے رکنے کا اشارہ کیا تو ان مشکوک افراد نے بھاگنے کی کوشش کی۔ مشکوک افراد کی گرفتاری کے لئے رینجرز اہلکاروں نے ان کا پیچھا کیا، جس کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اسی دوران 2 مشکوک افراد نے خودکش جیکٹس سے دھماکہ کرنے کی کوشش کی، لیکن رینجرز اہلکاروں کی بروقت اور موثر فائرنگ کے نتیجے میں تینوں مشکوک افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ خودکش جیکٹوں کو بم ڈسپوزل سکواڈ کی مدد سے ناکارہ بنا دیا گیا۔ اب تک کی تحقیقات کے مطابق ان دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا اور ان کا ہدف امام بارگاہ باب کربلا روہڑی تھی۔ تینوں ہلاک دہشتگردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے، جس سے ان کے باقی ماندہ نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 682491
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش